• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

والدین ‘ عزیزوں کے دبائو پر طلبا غلط کیرئیر منتخب کر لیتے ہیں، سید عابدی

لاہور (نمائندہ جنگ) بین ا لاقوامی شہرت یافتہ ایجوکیشن کنسلٹنٹ ا فیئر کیریئر کونسلر سید عابدی نے کہا ہے کہ والدین اور عزیزوں کے دبائو پر طلباء  غلط کیرئیر منتخب کر لیتے ہیں، والدین مارکیٹ کی ضروریات سے آگاہ نہیں ہوتے، کیرئیر کونسلر نفسیات دیکھ کر رہنمائی کرتا ہے،   میں نے ایک طالبعلم کو ایم بی بی ایس کرنے سے روکا،مگر وہ ڈاکٹربن کر پریکٹس سے قاصر رہا،  کیرئیر کونسلنگ ملک کی معاشی ترقی اور نیشن بلڈنگ کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے، کیریئر کونسلنگ تعلیمی اداروں کی سطح پر ہونی چاہئے ۔ ساتواں برٹش کونسل کونسلرز سمپوزیم گزشتہ روز بیکن ہائوس انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور میں منعقد ہوا۔ جس میں پیشرو کنسلٹنٹ اورکیریئر کونسلرز کے لئے تربیت کا اہتمام کیا گیا تھا۔ بین ا لاقوامی شہرت یافتہ ایجوکیشن کنسلٹنٹ ا فیئر کیریئر کونسلر سید عابدی نے سمپوزیم میں کیریئر کونسلرز کو پریزنٹیشن دی جس کو حاضرین کریئر کونسلرز کی کثیر تعداد نے بے حد سراہا۔ ان کی پریزنٹیشن کا عنوان تھا (Carrier Councillor for the 21st Century Ethicr & Myths) کیریئر کونسلر فار دی ٹونٹی فرسٹ سنچری: ایتھکس اینڈ مھتس )  تھا ۔ سید عابدی نے کہا کہ بروقت کرئیر کونسلنگ ملک کی معاشی ترقی کیلئے  ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے جس کا نیشن بلڈنگ میں نہایت اہم کردار ہے۔ سید عابدی نے مزید کہا کہ والدین اور طلباء کے دیگر عزیز و اقارب مارکیٹ کی ضروریات سے آگاہ نہیں ہوتے اور نہ ہی وہ آئندہ آنیوالے چند سال میں ملازمت کے مواقع کے بارے میں جانتے ہیں جس کی وجہ سے وہ طلبا کے بہتر مستقبل کی پیش بندی کرنے سے قاصر ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طلبا کے دوست احباب  اور والدین طلباء کی پوشیدہ صلاحیتوں اوران میں چھپے ہوئے ٹیلنٹ کو پرکھنے کی صلا حیت نہیں رکھتے جس کے باعث وہ طلبا کی بہتر رہنما ئی نہیں کر پاتے اور بے پنا ہ ٹیلنٹ رکھنے والےطلبا بھی بہتر کارکردگی کا مظاہر ہ نہیں کرسکتے والدین اور عزیزوں کے دبائو پر طلبا غلط کیرئیر منتخب کر لیتے ہیں۔جس سے نہ صرف طلبا کے مستقبل پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں بلکہ ملکی معیشت پر بھی یہ چیز برے اثرات مرتب کر تی ہے۔ سید عابدی نے کہا کہ والدین کو بچوں کو یہ کہنے سے گریز کرنا چاہیے کہ آپ ڈاکٹر یا انجینئر بن جائو۔ انہوں نے کہا کہ یہ کام پروفیشنل کونسلر کا ہے، وہ جانتے ہیں کہ کس طرح بہتر انداز میں آنیوالے دنوں میں طلبا کے مستقبل کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔انہوں نے کیریئر کونسلر کو کریئر کونسلنگ کے بنیادی اصولوں سے متعلق آگہی دی اور رہنمائی فراہم کی۔ ا نہوں نے کیریئر کونسلرز کی تربیت کرتے ہوئے کہا کہ کیریئر کونسلرز کو انسانی فطرت اور طبیعت کو مدنظر رکھنا چاہئے جبکہ اس علاقے اور شخص کی ثقافتی روایات کا خیال رکھنا چاہئے۔کیریئر کونسلرز کو پروفیشنل/ پیشہ وارانہ مہارت ہونی چاہئے جبکہ معاشرے کی روایات اور ثقافت سے بھی آگہی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اکیسویں صدی کی ضرورت بن چکی ہے۔ دنیا بھر میں کیریئر کونسلنگ کا سلسلہ عرصہ دراز سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اکیسویں صدی میں وقت کی ضرورت بن چکی ہے کہ سسٹیمیٹک اینڈ ویل اسٹیبلشڈ کیریئر کونسلنگ ڈویلپمنٹ سنٹرز قائم کئے جائیں۔ ا نہوں نے کہا کہ  (Systematic & Well Established Carrier Counseling Development Centers) ہر تعلیمی ادارے میں ہونے چاہئیں۔  ہمارے ہاں محدود  پیمانے پر کیریئر کونسلنگ ہو رہی ہے جس میں نہایت محدود اور کم پہلوئوں کو مدنظر رکھا جاتا ہے۔ سائیکالوجیکل، فنانشل اوردیگربنیادوں پر کیریئر کونسلنگ ہونی چاہئے۔ دنیا بھر میں اس کا اسکوپ/ بہت زیادہ ہے تاہم ہمارے ہاں محدود پیمانے پر کیریئر کونسلنگ ہو رہی ہے۔ سید عابدی نے اپنی پریزنٹیشن میں  بتایا کہ ایک طالب علم کو انہوں نے اس کی شخصیت اور دیگر صلاحیتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ڈاکٹر بننے سے منع کیا تاہم    منع کرنے کے باوجود اس نے ایم بی بی ایس کی ڈگری حاصل کر لی اور  پریکٹس کرنے سے قاصر رہا۔ نتیجاً اس کا قیمتی وقت اور پیسے ضائع ہو گئے جبکہ سب سے بڑھ کر اس کی محنت بھی رائیگاں گئی اور اس کو مستقبل میں دیگر کسی شعبہ میں اپنا کیریئر بنانا پڑا۔کیریئر کونسلنگ کا مقصد زندگی کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے رہنمائی فراہم کرنا ہے۔ یہاں یہ بھی نہایت اہم ہے کہ کیریئر کونسلنگ کب شروع کی جائے۔ سکول کی سطح پر کیریئر کونسلنگ کا آغاز کیا جانا  چاہئے۔ سکولوں، کالجوں  اور یونیورسٹی کی سطح پر کیریئر کونسلنگ ہونی چاہئے۔ یہ سب کام دنیا بھر میں کافی عرصہ سے ہو رہا ہے تاہم ہمارے ہاں اب اس کا سلسلہ شروع ہوا ہے۔سید عابدی نے  ایک اچھے کیرئیر کونسلر کی خوبیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسے اپنے اور اردگرد کے ماحول کے بارے میں بھرپور معلومات ہونی چاہیئے،لوگوں کی مدد کے حوالے سے بھی اس کا تجربہ اور دلچسپی اہمیت کی حامل ہے ،کیرئیر کونسلر کا سماجی بنیاد پر مشاہات کا تجربہ اسے اپنی کیریئر کونسلنگ کے میدان میں ممتاز کرتا ہے  ۔سید عابدی جو ملکی اور غیر ملکی سطح پر 100سے زائد کانفرنسز اور سیمینارز میں نمائندگی کرچکے ہیں نے بروقت کیرئیر کونسلنگ کی افادیت کا زکر کرتے ہوئے ایک خاتون سٹوڈنٹ کے بارے میں بتایا کہ جس نے کونسلنگ کے اپنا مائنڈ سیٹ تبدیل کیا اور اس وقت وہ فن لینڈ میں ایک معروف  آئل اینڈ گیس کمپنی میں کام کررہی ہے۔انہوں نے کیریئر کونسلرز پر زور دیا کہ اپنی اخلاقی اقدار کو وضع کریں۔ سچے رہیں اور محب وطن رہیں تب ہی آپ بہتر سروس دے سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ NUST  اور UMT میں پہلی بار کیریئر کونسلنگ میں ایم ایس سی کی ڈگری کا آغاز کیا گیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے۔ اس موقع پر پروفیشنل کیریئر کونسلرز کی کثیر تعداد ان کی گفتگو سے مستفید ہوئے اور سوال و جواب کا سلسلہ بھی ہوا۔ سید عابدی نے حاضرین کے سوالات کے مفصل جوابات دیئے۔
تازہ ترین