• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ درگاہ لعل شہباز قلندر ؒ پر حملہ ترقی پسند پاکستان پرحملہ ہے

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ درگاہ لعل شہباز قلندر ؒ پر حملہ ترقی پسند پاکستان پرحملہ ہے، ایسے واقعات سے خود کو تقسیم نہیں ہونے دیں گے اور ملک کے تحفظ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے ہرقدم اٹھائینگے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن جاری رہے گا اور عوام کے جان ومال کی حفاظت یقینی بنائی جائیگی اور معصوم لوگوں کودرندوں کے رحم و کرم پرہرگزنہیں چھوڑا جائیگا اور شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کاحساب لیاجائیگا۔ صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے درگاہ لعل شہباز قلندرؒ کے مزار پر خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے جانی نقصان پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صوفیاء کرام پرحملہ جناح کے پاکستان کیلئے براہ را ست خطرہ ہے اوراسے اسی طرح ڈیل کیاجائیگا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ پچھلے چند دن بہت تکلیف دہ اور مشکل تھے۔ میرادل متاثرہ لوگوں کیساتھ ہےلیکن یہ واقعات ہمیں نہ تقسیم کرسکتے ہیں اور نہ خوفزدہ۔ ہمیں پاکستان کی شناخت کی جدو جہد اورآ فاقی انسانیت کیلئے متحد رہناہے۔ ہم نے مشکل حالات کے باوجوداپنے ورثہ کی حفاظت کی ہے۔ میں اس ملک کے تحفظ کیلئے جوکچھ میرے اختیار میں ہے وہ کر گزروں گا۔ وزیر داخلہ چوہدری نثار نے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کیخلا ف جنگ اسکے منطقی انجام کوپہنچے تک جاری رہیگی پاکستان کو ہر صورت یہ جنگ جیتناہوگی۔پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف ز رداری نے کہا کہ دہشت گرد، ان کے سرپرست، منصوبہ ساز اور سہولت کار بچ نہیں پائینگے۔ انہوں نے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے کہ اعلیٰ سطحی طور پر تحقیقات کرے کہ حفاظتی امور میں غفلت کیسے ہوئی، اولیاءاللہ کے مزار پر حملہ کر کے معصوم انسانوں کو خون میں نہلانے والے وحشی درندوں کو کسی صورت میں معاف نہیں کیاجائیگا۔ دریں اثناءچیف جسٹس میاں ثاقب نثار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ڈپٹی اسپیکر مرتضیٰ جاوید عباسی، وزیر مملکت مریم اورنگزیب، وزیر مذہبی امور سردار یوسف، خورشید احمد شاہ، چیئرمین سینیٹ رضار بانی، عمران خان، گورنر سندھ محمد زبیر، رحمان ملک، پرویز مشرف، ڈاکٹر امجد، نیئر حسین بخاری، طاہر القادری، تحریک جعفریہ کے سربراہ حامد موسوی، ملت جعفریہ پاکستان ساجد نقوی،  اسفند یار ولی، سراج الحق، ایم کیو ایم پاکستان اور اس کے رہنمائوں فاروق ستار، پیپلزپارٹی کے رہنما وقار مہدی اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنمائوں نے بھی سیہون شریف خودکش دھماکہ کی  مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم صبر اور اتحاد کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑے۔ دہشت گردوں کو ان کے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
تازہ ترین