• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان آوران میں فوجی قافلے پر حملہ، کیپٹن سمیت 3 شہید

کوئٹہ / راولپنڈی (نمائندگان جنگ ) بلوچستان کے ضلع آواران میں فوجی قافلے پر بم حملے میں کیپٹن سمیت 3؍ جوان شہید اور2؍ اہلکار شدید زخمی ہوگئے‘ گاڑی کو شدید نقصان پہنچا جبکہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ مادر وطن کی حفاظت کیلئے مزید تین بیٹوں نے جام دشہادت نوش کیا ۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق نامعلوم افراد نے آواران کے علاقے جھائوروڈ پر سڑک کنارے بم نصب کر رکھا تھا جمعرات کو سیکورٹی فورسز کی گاڑیاں معمول کی گشت کر رہی تھی جسے ہی ایک گاڑی کورا ک دولگ مقام پر پہنچی تو بم زور دار دھماکے سے پھٹ گیا جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار کیپٹن طلحہ ، سپاہی کامران اور سپاہی متھر جان موقع پر ہی شہید جبکہ سپاہی عاشق اور امان اللہ شدید زخمی ہو گئے دھماکے سے گاڑی کو شدید نقصان پہنچاواقعے کی اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کی بھاری نفری نے موقع پر پہنچ کر علاقے کو گھیرے میں لے کر لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال پہنچایا جہاںضروری کارروائی کے بعد میتیں آبائی علاقوں کو روانہ کر دی گئی جبکہ سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ ادھر پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل ‘میجر جنرل آصف غفور کے بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آواران دھماکے میں پاک فوج کے تین فوجی جوانوں کی شہادت پر اپنے ردعمل میں کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینے کے لئے کوئی بھی ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا ۔
تازہ ترین