• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکا، نئی سفری پابندیوں میں پاکستان کو شامل کرنے کی کوششیں

نیویارک (عظیم ایم میاں) صدر ڈونلڈ ٹرمپ اگلے ہفتے ایک نیا جامع اور بہتر ’’ٹریول بین‘‘ آرڈر جاری کریں گے جو ان کے جاری کردہ پہلے ’’ٹریول بین‘‘ کے بارے میں عدالتی احکامات کو بھی مدنظر رکھ کر جاری کیا جائے گا، یہ بات صدر ٹرمپ نے اپنی پہلی باقاعدہ پریس کانفرنس میں ایک سوال کے جواب میں بتائی تاہم انہوں نے سفر کی پابندی میں شامل ممالک اور مجوزہ آرڈر کی تفصیلات نہیں بتائیں، ادھر بعض پاکستان مخالف حلقوں نے لاہور اور سیہون میں خودکش بم دھماکوں اور دہشت گردی کے واقعات کو ٹرمپ انتظامیہ کے سامنے موضوع گفتگو بناتے ہوئے چہ میگوئیاں شروع کردی ہیں، ان حلقوں کی کوشش ہے کہ نئے مجوزہ ایگزیکٹیو آرڈر میں جن ملکوں کے شہریوںپر امریکا میں داخلے کی پابندی لگائی جائے اُن میں کسی طرح پاکستان کو شامل فہرست کرایا جاسکے جب کہ اس وقت واشنگٹن میں پاکستانی سفیر عباس جیلانی سبکدوش ہوچکے ہیں اور پاکستان کے موقف کی ترجمانی نئی ٹرمپ انتظامیہ کے حلقوں میں کرنے والوں کا کوئی وجود ہی نہیں۔ واضح رہے کہ صدر ٹرمپ نے غیر ممالک کی واشنگٹن میں لابنگ پر مستقل پابندی عائد کردی ہے لہٰذا بیرونی ممالک سے بھاری معاوضہ اور مراعات لے کر کسی ملک کی امریکا میں لابنگ اب ممکن نہیں بلکہ اپنے آبائی وطن مثلاً پاکستان اور امریکا کی دوہری شہریت رکھنے والے امریکی شہریوں کے بارے میں بھی کچھ پابندیوں کے بارے میں ٹرمپ حکومت غور کررہی ہے۔
تازہ ترین