• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حیدرآباد :اعلیٰ و ماتحت عدالتوں میں سخت حفاظتی انتظامات، اضافی نفری تعینات

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) پشاور اورمہمندایجنسی میں خودکش حملوں کے دوران ججز کونشانہ بنانے کے واقعات کے بعدجمعرات کوحیدرآباد کی عدالتوں میں سخت حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے ‘ اضافی نفری بھی تعینات کی گئی سندھ ہائی کورٹ‘سیشن اور سول کورٹ میں وکلا‘ ملازمین اسٹامپ وینڈرز ‘ پیشی کے لئے آنے والے افراد کو مکمل چیکنگ کے بعد داخلے کی اجازت دی گئی ۔سیشن کورٹ‘ سول کورٹ کے عقبی راستوں کو عام افراد اورملازمین کے لئے بند کردیا گیا ‘حفاظتی انتظامات کاجائزہ لینے کے لئے ایس پی ہیڈکوارٹر‘ ایس پی سٹی‘ ڈی آئی بی انچارج ‘آر آئی لائن نے عدالتوں کے دورے کئے ۔ سیشن کورٹ کے سیکورٹی انچارج انسپکٹر ملک ریاض نے ”جنگ“ کے رابطہ پر بتایا کہ لاہور کے بعد کے پی کے میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعات اورججز کونشانہ بنانے کی کوشش کے اقدامات کے باعث پولیس فورس ہائی الرٹ ہے۔سیشن کورٹ اورسول کورٹ کے عقبی راستوں کو صرف ججز کی آمدورفت کے لئے مخصوص کرکے سخت انتظامات کئے گئے تھے وکلا ‘عدالتی ملازمین ‘اسٹامپ وینڈرز اورعام افراد کوچیکنگ کے بعدعدالتوں میں داخلے کی اجازت دی گئی جبکہ آنے والی گاڑیوں کوبھی چیکنگ کے بعد جانے کی اجازت دی گئی تھی۔ جمعرات کو ایس پی ہیڈکوارٹر عابدبلوچ‘ ایس پی سٹی سرفراز ورک‘ ڈی آئی بی انچارج انسپکٹر واحدعلی شاہ‘ آر آئی لائن نعیم صدیقی نے دورے کرکے سیکورٹی انتظامات کاجائزہ لیا۔
تازہ ترین