• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیٹرول ، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ واپس لیا جائے، ایم کیو ایم پاکستان

کراچی( اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان ) کی رابطہ کمیٹی نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں  اضافے کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ مہنگائی کے مارے عوام پر حکومت رحم کرے اور  پیٹرول بم گرانے کی پالیسی فی الفور ختم کرے ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان) نے وزیراعظم نوازشریف سے مطالبہ کیا کہ پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لیاجائے اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی پالیسی اختیار کرکے حکومت عوام کو عملی طور پر ریلیف کی فراہمی یقینی بنائے ۔رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہاکہ پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے سے ملک بھر کے عوام کو اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافے کو بھی برداشت کرنا پڑتا ہے ، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرکے عوام کو ریلیف دینے کے بجائے اس میں اضافہ کی پالیسی اپنا کر مہنگائی کا بوجھ عوام پر ڈال کر عوام کو مزید پریشانیوں اور مشکلات سے دوچار کررہی ہے ۔ رابطہ کمیٹی (پاکستان ) نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کی طرح موجودہ حکومت نے بھی پیٹرولیم مصوعات سمیت دیگر بنیادی ضروریات کی اشیاء میں عوام کو ریلیف دینے کے بلند وبانگ دعوے کئے تھے لیکن پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ پہ اضافہ کی پالیسی نے عوام کو حکومت کی جانب سے مکمل طور پر مایوس کردیا ہے اور مہنگائی کے مارے عوام کیلئے اب دو وقت کی روٹی کا حصول تک مشکل بن گیا ہے ۔
تازہ ترین