• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئندہ جمعرات تک پاناما کیس کا فیصلہ ہو جائیگا،عمران خان

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ شریف فیملی کوشش کررہی ہے کہ سپریم کورٹ پانامہ کیس نہ سنے، نوازشریف نے پارلیمنٹ میں دستاویزات کا کہاتھا تو کیا انہیں پتہ نہیں تھا کہ دستاویز دینی بھی ہونگی۔ جمعرات کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ وزیر اعظم کا ایماندار ہونا اس لئے ضروری ہے کہ قوم کا خزانہ اس کے ہاتھ میں ہوتا ہے، جھوٹ بولنے پر لیڈر کو استعفیٰ دینا پڑتا ہے۔عمران خان نے کہاکہ ان کے وکیل کہہ رہے ہیں کہ اگر پارلیمنٹ میں جھوٹ بولا تو کوئی بڑی بات نہیں، قطری کےلئے آج عدالت نے کہانی کا لفظ استعمال کیا ہے۔ شریف فیملی نے اب تک دستاویزات نہیں دیں اورہمیں کہا جارہا ہے دستاویزات دیں، ان کے پاس منی ٹریل ہی نہیں ہے ۔عمران خان نے کہاکہ آج ایک نئی دستاویز  آئی ہے کہ مریم نواز چار ماہ کےلئے ٹرسٹی تھیں، نیب ،ایف آئی اے،ایف بی آر سب نوازشریف کے نیچے ہیں۔ مجھے لگ رہا ہے کہ آئندہ جمعرات تک فیصلہ ہوجائے گا۔ بینچ پر پورا اعتماد ہے۔ پہلی بار ایک چیف ایگزیکٹو کی سپریم کورٹ میں تلاشی ہوئی ہے۔
تازہ ترین