• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت ،مہنگی شادیاں روکنے کےلیے بل لانے کی تیاریاں

کراچی(نیوزڈیسک)بھارت میں مہنگی ترین شادیاں روکنے کے لیے ایک ایسا بل لانے کی تیاریاں شروع کردی گئی ہیں جس کے بعد5لاکھ بھارتی روپے یا اس سے زائد کے اخراجات سے شادیاں کرنے والوں کو10فیصد ویلفیئر ٹیکس دینا پڑے گا جومعاشرے کی دیگر غریب لڑکیوں کی شادی پر خرچ کیا جائے گا،اگر بھارتی پارلیمنٹ میں یہ بل پاس ہوگیا تو دنیا بھر میں مہنگی ترین شادیاں کرنے کے حوالےسے مشہور بھارتی ارب پتی یہ فریضہ سادگی سے انجام دینے پر مجبور ہو جائیں گےیا پھر ٹیکس کی ادائیگی کرینگے۔غیر ملکی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق لوک سبھا کی خاتون رکن رنجیت رنجن شادیوں کی رجسٹریشن اور فضول اخراجات کے خاتمے کا ترمیمی بل 2016لوک سبھا میں پیش کریں گی جن کا تعلق حزب اختلاف کی جماعت انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی) سے ہے۔بل کو لوک سبھا کے آئندہ اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، اگر یہ بل منظور ہوگیا تو تمام شادی شدہ افراد اپنی شادیوں کو 60دن کے اندر رجسٹرڈ کرانے کے پابند ہوں گے۔مجوزہ بل کے مسودے کے تحت حکومت نہ صرف مہنگی ترین شادیوں پر ویلفیئر ٹیکس عائد کرے گی بلکہ مہمانوں کی تعداد میں کمی سمیت اضافی کھانوں پر بھی پابندی عائد کرسکے گی،مجوزہ بل کے تحت اگر کوئی بھی شخص شادی کے لیے 5لاکھ بھارتی روپے تک خرچ کرے گا تو اسے شادی کے اخراجات کی مد میں خرچ کی گئی رقم کا 10 فیصد حصہ معاشرے کی دیگر غریب دلہنوں کےلیے ادا کرنا پڑے گا،حکومت اس فنڈ کو خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والے خاندانوں کی بچیوں سمیت کم آمدنی رکھنے والے گھرانوں کی لڑکیوں کی شادیوں پر خرچ کرے گی۔
تازہ ترین