• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل کا فائنل کراچی میں منعقد کیا جائے، وسیم اختر

کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل کراچی میں منعقد کیا جائے۔ میئر کی حیثیت سے سیکورٹی سمیت تمام ذمہ داریاں لینے کو تیار ہوں۔ شہر سے ہر قسم کی دہشت گردی ختم ہونی چاہئے۔ کراچی میں ترقیاتی کام کسی بھی فنڈ سے ہوں یہ شہر کے لئے مثبت چیز ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان میرین اکیڈمی ماری پور میں دوسرے انٹر یونیورسٹی اسپورٹس گالا میں بطور مہمان خصوصی شرکت کے موقع پر کیا، میئر کراچی نے کہا کہ میں پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کروں گا کہ پی ایس ایل کا فائنل نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منعقد کیا جائے، اگر یہ ایونٹ کراچی میں ہوا تو یہ ایک بڑی کامیابی ہوگی اور اس سے شہر کا مثبت امیج جائے گا، کراچی کے شہری کرکٹ کے کھیل کو پسند اور کھلاڑیوں سے بے انتہا محبت کرتے ہیں، ضلع کی سطح پر کھیلوں کو فروغ دینے کے لئے معیاری اسپورٹس ایونٹس مدد گار ثابت ہوں گے لہٰذا ہم اسپورٹس گالا جیسے ایونٹ ضلع کی سطح تک لے کر جائیں گے کیونکہ ایسے ایونٹس کے انعقاد سے مقامی سطح پر مختلف کھیلوں کو فروغ حاصل ہوتا ہے۔ تقریب سے  گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے بھی خطاب کیا۔ کمانڈینٹ پاکستان میرین اکیڈمی کموڈور اکبر نقی نے کہا کہ انٹر یونیورسٹی اسپورٹس گالا  میں 20 جامعات کے 2 ہزار سے زائد طلبا و طالبات حصہ لے رہے ہیں اور پورے پاکستان سے کیڈٹس ان کھیلوں میں شرکت کے لئے یہاں آئے ہیں۔
تازہ ترین