• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس ایل میں لاہور قلندر کی فتح، کراچی کنگزمسلسل تیسرا میچ ہار گئی

شارجہ(عبدالماجد بھٹی،نمائندہ خصوصی)نام بڑے اور درشن چھوٹے کی مصداق سے اسٹار کرکٹرز پر مشتمل کراچی کنگز کو لاہور قلندر نے7رنز سے شکست دے دی،شارجہ میں دھواں دار بیٹسمین کرس گیل کی ناکامی اور بڑے اسکور کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کا پاکستان سپر لیگ میں پہلی جیت کا خواب شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا،فخر لاہور فخر زمان کی نصف سنچری کی بدولت کراچی کنگز کو ٹورنامنٹ میں مایوس کن انداز میں تیسری مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا۔جمعرات کی شب لاہور قلندر نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 7وکٹ پر179رنز بنائے جبکہ کراچی کنگز جواب میں8وکٹ پر172رنز ہی بناسکی،محمد عرفان اور سہیل تنویر نے دو دو وکٹ حاصل کئے،کپتان کمار سنگا کارا نے45گیندوں پر65رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی،سنگا کارا نے شعیب ملک کے ساتھ تیسری وکٹ پر101رنز شراکت قائم کی،شعیب ملک30گیندوں پر39رنز بناکر آوٹ ہوئے تو کراچی کی امیدیں دم توڑ گئیں۔کراچی کنگز کے اوپنر کرس گیل مسلسل تیسری بار ناکام ہوئے اور 5 رنز بنا کر سنیل نارائن کی گیند پر آؤٹ ہو گئے،بابر اعظم 9رنز بناکرمحمد عرفان کا شکار ہوئے،پولارڈ کو نارائن نے بولڈ کردیا،عماد وسیم رن آوٹ ہوئے،نوجوان فخر زمان نے ایک اور ذمے دارانہ اننگز کھیل کر اپنی کلاس دکھائی،انہوں نے56رنزصرف 36گیندوں پر بنائے،ان کی اننگز میں تین چھکے اور پانچ چوکے شامل تھے،محمدرضوان نے22گیندوں پر29رنز اسکور کئے،گرانٹ ایلیٹ نے17اور سنیل نارائن نے13رنز اسکور کئے۔ 
تازہ ترین