• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوٹلی و ملحقہ علاقوں میں مسلسل 15گھنٹے بجلی بند ، کاروبار زندگی مفلوج

کوٹلی (نمائندہ جنگ ) کوٹلی اور ملحقہ علاقوں میں مسلسل 15گھنٹے بجلی کی بندش کے باعث کاروبار زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا تاجر  اور شہری پریشان ، صبح 7بجے سے شام 10بجے تک بجلی بند ہو نے سے نظام زندگی بری طرح متاثر ہو رہا ہے ۔تاجر تنظیموں اورشہریوں نے بجلی کی طویل غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف شدید احتجاج کیا ، اگر بجلی کی لوڈشیڈنگ بند نہ کی گئی تو سڑکوں پر احتجاجی مارچ کر کے حکومتی نظام جام کر دیں گے۔ گذشتہ روز کوٹلی شہر اور ملحقہ علاقوں میں اچانک صبح 7بجے بجلی بند ہوئی اور رات گئے تک بجلی کا نظام معطل رہا جس کے باعث تاجروں کا کاروبار مکمل ٹھپ ہو کر رہ گیا جبکہ شہریوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بجلی کی گھنٹوں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکا ہے جس پر تاجر تنظیموں اور سیاسی و سماجی جماعتوں نے احتجاج کیا۔ مرکزی انجمن تاجران کوٹلی کے سنیئر نائب صدر راجہ رحیم نے کہا کہ 15گھنٹوں کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ تاجروں کے معاشی قتل کے مترداف ہے ، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ معمول بن چکا ہے اور لوڈشیڈنگ کا کوئی شیڈول نہیں۔انھوں نے کہا کہ اگر بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ بند نہ کی گئی تو اس کے خلاف سڑکوں پر نکلیں گے اور بھرپور احتجاج کریں گے۔
تازہ ترین