• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قوانین کی آگاہی سے حادثات میں کمی کی جا سکتی ہے،عبدالقدوس

باغ ( نامہ نگار ) ڈسٹرکٹ ٹریفک انسپکٹر باغ عبدالقدوس نے کہا  ہے کہ تعلیمی اداروں میں ٹریفک آگاہی مہم کا مقصد طلبا وطالبات کو باشعور اور ذمہ دار شہری بنانا ہے۔ قوانین سے آگاہی اور عملدرآمد کے بعد حادثات میں کمی اور ٹریفک مسائل پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ پیدل چلنے والوں کو ہمیشہ سڑک کے دائیں طرف رہنا چاہیے تا کہ سامنے سے آنے والی گاڑی کو وہ دیکھ سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  کالج   میں ٹریفک آگاہی مہم کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر پرنسپل ادارہ اظہر حسین شاہ،   عابد ہاشمی، منصور گیلانی اور آمنہ ہاشمی نے بھی تقریب سے خطاب کیا۔ انسپکٹر عبدالقدوس نے کہا کہ ایس پی ٹریفک چوہدری عطاء محمد کی ہدایت پر پورے باغ میں آگاہی مہم شروع کی گئی ہے۔ اساتذہ اور طلباء و طالبات کے تعاون سے 50 فیصد ٹریفک مسائل کو کم کیا جا سکتا ہے۔ صبح اور چھٹی کے اوقات میں ٹریفک کے زیادہ مسائل پیدا ہوتے ہیں جن پر قابو پانے کے لیے سب کو اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہو گا۔ موٹر سائیکل پر اوورلوڈنگ اور بغیر ہلمٹ سفر نوجوانوں کے لیے جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔ اس موقع پر ٹریفک پولیس کی طرف سے آگاہی پوسٹر بھی تقسیم کیے گئے اور ٹریفک کے ذمہداران نے طلبا و طالبات کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔
تازہ ترین