• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیرسٹر سلطان کے دوبئی جلسے نے کارکنوں میں نئی روح پھونک دی، چوہدری اخلاق

سہنسہ (نمائندہ جنگ )پی ٹی آئی  آزاد کشمیر کے مرکزی سیکرٹری مالیات سابق امید وار اسمبلی و سابق مشیر حکومت چوہدری اخلاق  نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود  چوہدری کا دوبئی میں تاریخی استقبال اور جم ِ غفیر جلسے نے ثابت کر دیا کہ تارکین وطن اور کشمیر ی بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی قیادت میں متحد و منظم  ہیں انھوں نے نظریاتی کارکنوں میں بھی نئی روح پھونکی اور جماعت کو متحد و منظم کر کے چٹان کی طرح مضبوط بنا دیا ہے پاکستان اور آزاد کشمیر کی دونوں حکومتیں نظریہ ضرورت کی بنیاد پر چل رہی ہیں مفادات کا کھیل کھیلا جا رہا ہے عوام کا استحصال ہو رہا ہے عوامی حقوق سلب ہیں تعصبات کی لعنت پروان چڑھ رہی ہے تمام تر جھوٹ فریب مکاری غیر نظریاتی سوچ کا تعلق اپنی حالت بہتر کرنے کے سواء کچھ بھی نہیں۔ پانامہ لیکس میاں خاندان کے لیے گلے کی ہڈ ی بن گیا ہے آزاد حکومت فاروق حیدر کے پاس ضرور ہے مگر اختیارات وفاق کے پاس ہیں۔ نظریاتی فکری تحریکی سوچ او ر عوامی خدمت کا جذبہ صرف پی ٹی آئی کے پاس ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ انھوں نے کہا کہ پچھلے چھ ماہ سے فاروق حیدر کی کارکردگی صفر ہے۔ انھوں نے صرف انتقامی کارروائیاں کیں۔ بے ضابطگیوں ناانصافیوں میں اضافہ کیا۔ مسائل حل نہیں بلکہ پیدا کیے گئے۔ قومی خزانہ ذاتی تشہیر پر خرچ ہورہا ہے۔ انصاف اور گڈ گورننس کے صرف دعوے کیے جارہے ہیں،عملی طور پر صورت حال اس کے برعکس ہے۔ انھوں نے کہا کہ سیاست کے اندر اگر انسانیت کی خدمت ،ترقیاتی عمل،عوامی حقوق کا تحفظ ،مثبت سوچ، عمل و کردار ٹھیک ہو ،نظریاتی پختگی اور اپنے عہدے کے ساتھ کمٹمنٹ پوری ہوتو کامیابیاں انسان کا مقدر بن جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں نہ میرٹ ہے نہ اہلیت صلاحیت کی بنیاد پر انصاف کے تقاضے پورے ہورہے ہیں صرف اپنوں پر نوازشات ہورہی ہیں۔ تعلیمی پبلک سروس کمیشن کو ختم کرنا ذاتی دوست کو پبلک سروس کمیشن کا سربراہ بنانا، این ایس ایف کی بھرتی لبریشن سیل میں کرنا اپنے علاقے کے لوگوں کو ذاتی سٹاف میں رکھنا، تعلیمی پیکیج کو ختم کرکے اپنے ہی لوگوں کو نوازنے کے لیے نیا فارمولہ بنانا۔ پی ٹی آئی اداروں کا تقدس بحالی کے لیے عملی کردار ادا کر رہی ہے۔  ن لیگ نے برسر اقتدار آتے ہی انھیں ختم بھی کیا اور سسٹم کا بیڑا بھی غرق کیا۔ انھوں نے کہا کہ پی ٹی آئی ان سیاہ کاریوں، بدکاریوں، بداعنوانیوں، ناانصافیوں اور انتقامی کارروائیوں کے خلاف تحریک بھی چلائے گی اور عدالتوں کا رخ بھی کرے گی۔ انھوں نے کہا کہ میری ساری زندگی قومی جدوجہد سے عبارت ہے۔ میں نے عمران خان کے افکار و نظریات پر کاربند رہتے ہوئے اپنی زندگی گزاری۔ 
تازہ ترین