• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی اورپی ٹی آئی کا احتجاج متعصبانہ ہے ، ساجد حسین

اسلام گڑھ(نمائندہ جنگ)پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کا بھمبر احتجاج کی آڑ میں آزاد خطہ کے اندر متعصبانہ سیاست کا آغاز انتہائی مذمتی اقدام ہے ۔دونوں جماعتیں خطہ کے اندر تعصب کی سیاست نہ پھیلائیں ۔بھمبر میں عوامی احتجاج پر سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے۔آزادکشمیر کے پرامن خطہ کو تعصبات کی سیاست کی بھینٹ چڑھانے والوں کو معاف نہیں کیا جائے گا۔اب سیاسی بے روزگار عوام کو لڑانے کی پالیسی پر گامزن ہیں ۔ان خیالات کا اظہار پاکستان مسلم لیگ ن نارتھ زون برطانیہ کے سیکرٹری جنرل چوہدری ساجد حسین نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا۔ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان آزاد خطہ میں نظام کی بہتری ،اداروں کے استحکام ،سیاسی اور علاقائی تعصبات کے خاتمے ،میرٹ کی بحالی ،آئین و قانون کی بالادستی اور خطہ کی تعمیر و ترقی کے لئے کوشاں ہیں ۔ریاست کی بہتری ،میرٹ کی بحالی اور خطہ کی تعمیر و ترقی میں اپوزیشن کو حکومت کا ساتھ دینا چاہیے نہ کہ چھوٹے چھوٹے ایشوز پر سیاسی دکان چمکانے کی ناکام کوشش کی جانی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ بھمبر اس وقت پسماندہ ضلع ہے ۔گزشتہ پندرہ سال کے دوران کسی حکومتی اعلیٰ شخصیت نے اس ضلع کا دورہ نہیں کیا۔اپوزیشن کے دو رہنماؤں کی طرف سے وزیر اعظم آزادکشمیر کے دورہ بھمبر کو غلط رنگ دینے کی کوشش کی گئی جو کہ قابل مذمت ہے ۔آزادکشمیر میں علاقائی تعصبات کی سیاست کی مذمت کرتے ہیں اور ایسے لوگوں کو خبردار کرتے ہیں کہ وہ بیس کیمپ میں تعصبات کی سیاست سے باز رہیں ۔
تازہ ترین