• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی سوشل سائنسز، اور مینجمنٹ سائنسز اور ماہر ریٹائرڈ اساتذہ کی دوبارہ تقرری میں تاخیر

کراچی (سید محمد عسکری / اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں ڈین آف سوشل سائنسز، ڈین آف مینجمنٹ سائنسز اور ماہر ریٹائرڈ اساتذہ کی دوبارہ تقرری کا معاملہ تاخیر کا شکار ہوگیا۔ ڈین آف سوشل سائنس ڈاکٹر مونس احمر کی تین سالہ مدت کی تقرری 22؍ فروری کو مکمل ہو گی۔ جامعہ کراچی کی جانب سے ڈین آف سوشل سائنسز کے نام کئی ہفتے قبل گورنر ہائوس کو بھیجے جا چکے ہیں اور فیصلہ گورنر ہاؤس پر چھوڑ دیا گیا تھا کہ وہ تین سینئر پروفیسرز میں سے کسی کو بھی نامزد کرے تاہم ابھی تک گورنر ہائوس کی جانب سے تقرری کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہوا، ڈین آف سوشل سائنسز کیلئے جو تین نام بھیجے گئے ہیں ان میں موجودہ ڈین ڈاکٹر مونس احمر، ڈاکٹر احمد قادری اور ڈاکٹر نسرین اسلم شاہ کے نام شامل ہیں جبکہ ڈین آف مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر خالد عراقی کی تین سالہ کی مدت دو ماہ قبل مکمل بھی ہوچکی ہے اور موجودہ اور سابق وائس چانسلرز دونوں نے دوبارہ ڈاکٹر خالد عراقی کے تقرر کی سفارش بھی کی ہے لیکن ان کی تقرری کامعاملہ بھی تاخیر کا شکار ہے اسی طرح جامعہ کراچی کی جانب سے بعض تجربہ کار اور اہم ریٹائر شدہ اساتذہ کی خدمات دوبارہ حاصل کرنے کے لئے گورنر ہائوس کو بھیجی گئی سمری التوا کا شکار ہے۔ گورنر ہائوس کی جانب سے ریٹائر اساتذہ کی دوبارہ خدمات حاصل کرنے کا جواز جامعہ کراچی کی جانب سے جمع کرانے کے باوجود ان کی تقرری کا معاملہ بھی لٹکا ہوا ہے۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ گورنر ہائوس کی جانب سے گزشتہ ماہ وزیراعلیٰ کو خط لکھا گیا ہے کہ اہم خالی اسامیوں پر تقرریاں فوری کی جائیں، اس سے معیار تعلیم پر اثر پڑ رہا ہے۔ خط میں عدالت کے حکم کا بھی ذکر کیا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ جامعات کے مختلف اداروں کو عارضی طور پر چلانے، اہم عہدوں پر دہرا چارج رکھنے اور قائم مقام تقرریوں سے نہ صرف انتظامی امور پر اثر پڑتا ہے بلکہ تعلیمی امور بھی متاثر ہوتے ہیں اور مالی معاملات میں ٹھیک نہیں رہتے۔ خط میں وزیراعلیٰ ہائوس نے ضروری اقدامات کرنے کو کہا گیا ہے لیکن دلچسپ امر یہ ہے کہ گورنر ہائوس خود تقرریوں کے معاملے پر تاخیر کر رہا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری گورنر ہائوس سید جنید نے جنگ کو بتایا کہ ڈین آف سوشل سائنسز اور ڈین آف مینجمنٹ سائنسز کی تقرریوں کی سمری منظوری کے لئے اوپر بھیجی جا چکی ہے، دو تین روز میں منظوری کے بعد نوٹیفکیشن جاری کر دیا جائے گا۔
تازہ ترین