• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تاجر برادری اور ایف بی آر کے درمیان اہم اجلاس جلد طلب کیا جائے گا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ محمد زبیر نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو یقین دہانی کرائی ہے کہ کے سی سی آئی اور چیئرمین ایف بی آر سمیت دیگر متعلقہ افسران کے درمیان جلد ہی گورنر ہاؤس میں ایک اہم اجلاس بلایاجائے گا تاکہ ایف بی آر حکام کے بے جا اختیارات اور ہراساں کئےجانے سے متعلق مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیاجاسکے۔یہ بات انہوں نے بزنس مین گروپ کے چیئرمین و سابق صدر کے سی سی آئی سراج قاسم تیلی کی سربراہی میں منگل کو وفد کے ساتھ گورنر ہاؤس میں منعقدہ اجلاس سے خطاب میں کہی۔ وفد میں بی ایم جی کے وائس چیئرمین طاہر خالق، کے سی سی آئی کے صدر شمیم احمد فرپو، سینئر نائب صدر آصف نثار، نائب صدر محمد یونس سومرو، سابق صدور اے کیو خلیل،ایم ہارون باڑی،ہارون اگر، یونس محمد بشیر،چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے اسمال ٹریڈرز مجید میمن، چیئرمین خصوصی کمیٹی برائے مائی کراچی محمد ادریس اور سابق نائب صدر ناصر محمود شامل تھے۔ انھوں نے گورنر سندھ کی جانب سے کراچی چیمبر کو مکمل تعاون کی یقین دہانی پر کراچی چیمبرکی جانب سے بھی اسی قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ وفد نے گورنر کی توجہ ایف بی آرافسران کی جانب سے تاجروصنعتکار برادری کومسلسل ہراساں کیے جانے خاص طور پر نچلے درجے پر بھی بے جا اختیارات دینے سے پیدا ہونے والی مشکلات کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہاکہ غیر ضروری چھاپوں کے ذریعے تاجروصنعتکار برادری کو مسلسل ہراساں کیا جارہاہے جس کی وجہ سے تاجروں کا اعتماد بری طرح متاثر ہوا ہے۔۔ گورنر سندھ نے کے سی سی آئی کے وفد کی ’’ مائی کراچی‘‘ نمائش کا افتتاح کرنے کی دعوت فوری طور پر قبول کرتے ہوئے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ وہ مارچ میں کراچی چیمبر کا دورہ کریں گے تاکہ تاجروصنعتکار برادری کو درپیش مسائل کا حل تلاش کرنے کے لیے تفصیلی تبالہ خیال کیاجاسکے۔
تازہ ترین