برمنگھم (ابرار مغل) آزاد کشمیر سپریم کورٹ نے پی پی پی آزاد کشمیر کے سابق وزراء کی جانب سے دائر تعلیمی پیکج کیس میں تعلیمی پیکج کو برقرار رکھنے کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔ اس اہم فیصلے کو برطانیہ میں پی پی پی کارکنوں، جیالوں، مختلف رہنمائوں نے سراہا ہے۔ اس پیکج کے تحت ماضی میں آزاد کشمیر میں یونیورسٹیز، میڈیکل کالجز سمیت بے شمار تعلیمی اداروں کا آغاز کیا گیا تھا۔ تاہم اب موجودہ حکومت کے خلاف اور تعلیمی پیکج کے حق میں فیصلہ آنے پر برطانیہ بھر میں پی پی پی نے اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکج سیاسی نہیں بلکہ عوامی تھا اسی لئے عدالت میں پی پی پی کی فتح ہوئی ہے۔ پی پی پی برطانیہ کے سینئر رہنما الحاج محمد بشیر آرائیں، راجہ خالد خان، سید صغیر حسین شاہ کاظمی، لالہ چوہدری اقبال، راجہ امجد مظہر، چوہدری مرتضیٰ گجر، سید راشد بخاری، عارف مغل ایڈووکیٹ، مہربان ملک، چوہدری منظور حسین، حاجی صغیر کالس، انوار چوہان، خواتین رہنما شان ملک، امرناشین اور دیگر نے خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پی پی پی تعلیم کے فروغ کے ذریعے جہالت اور دہشت گردی کے خاتمے پر یقین رکھتی ہے۔ آزاد کشمیر میں تعلیمی پیکج شہداء گڑھی خدا بخش کے عظیم مشن اور سوچ کا آئینہ دار تھا۔