• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویرات کوہلی سے میرا نہیں بابراعظم کا موازنہ کیا جائے، عمر اکمل

دبئی(عبدالماجد بھٹی/ نمائندہ خصوصی) عمر اکمل ماننے کو تیار نہیں ہیں کہ ان کا ویرات کوہلی سے کوئی مقابلہ ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ چھٹے نمبر پر کھیلتے تو کوہلی کی کارکردگی بھی میرے جیسی ہوتی۔ وہ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہیں۔ ویرات کوہلی اور عمر اکمل نے انڈر 19 ورلڈ کپ ایک ساتھ کھیلا ۔ عمر اکمل اکثر تنازعات میں گھرے رہتے ہیں۔ ویرات کوہلی دنیا کے نمبر ایک بیٹسمین ہیں۔ ویرات نے54 ٹیسٹ میں51.57کی اوسط سے4451 رنز بنائے ہیں۔179 ون ڈے میچوں میں53.11 کی اوسط سے7755 رنز بنائے ہیں۔ جبکہ 48 ٹی 20 انٹر نیشنل میں وہ 53.40کی اوسط سے1709رنز بناچکے ہیں۔ عمر کا ٹیسٹ میں بیٹنگ اوسط35.82، ون ڈے میں34.59 اور ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں 26.82 ہے۔ غیر مستقل مزاج کارکردگی کے باوجود ٹیسٹ بیٹسمین عمر اکمل ہمیشہ سے شہ سر خیوں میں رہتے ہیں البتہ انہیں کھیل کے ساتھ ساتھ منفی خبروں کی وجہ سے شہرت ملی اور ان کی کارکردگی پر ہمیشہ سے سوالات اٹھائے جاتے رہے۔ پاکستان سپر لیگ میں لاہور قلندر کیلئے عمر اکمل نے اسلام آباد کے میچ میں42 گیندوں پر66 رنز بنائے۔ لیکن جب ٹیم جیت سے 36 رنز دور تھی۔ وہ آئوٹ ہوکر تماشائیوں کو سکتے میں چھوڑ گئے۔ آخری اوور میں نیوزی لینڈ کے گرانٹ ایلیٹ نے چھکا مار کر میچ فنش کیا۔ عمر اکمل کہتے ہیں کہ اپنی میچ فنشنگ کی عادت کو دور کرنے کوشش کررہا ہوں۔ شارجہ میچ کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمر اکمل نے ابتدا میں کہا کہ مجھے پاکستان ٹیم انتظامیہ سے بیٹنگ پوزیشن کا کوئی گلہ نہیں رہا۔  ویرات کوہلی سے موازنہ میرے بجائے بابر اعظم سے کیا جائے۔ بابر نے ون ڈائون پوزیشن پر چار ون ڈے سنچریاں بنالی ہیں۔ چھٹے نمبر پر لمبی اننگز کھیلنا مشکل ہوتا ہے۔ اسلام آباد کیخلاف آئوٹ ہونے پر افسوس تھا لیکن بعد میں آنے والوں سے بھی کارکردگی کی توقع تھی ۔ اس سوال کے جواب میں کہ ٹیم کے اعلان سے قبل آپ ہمیشہ کارکردگی دکھانے لگ جاتے ہیں۔ اب ویسٹ انڈیز کے لئے ٹیم کا اعلان ہونے والا ہے۔ عمر اکمل نے کہا کہ اس سوال کا جواب چیف سلیکٹر دیں تو زیادہ بہتر ہے۔ ٹیم انتظامیہ تمام کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے۔ جب ٹیم ہار رہی تھی تو ہمارے مالکان رانا فواد ، رانا عاطف ، رانا ثمین اور کوچز نے اپنا سر نہیں جھکایا ۔ انہوں نے کہا اسلام آباد یو نائیٹڈ کے خلاف پانچ وکٹیں گرنے کے بعد امید تھی کہ ٹیل اینڈرز کے ساتھ بھی میچ فنش کرلوں گا۔انہوں نے کہا کہ لیگ اسپنر شاداب خان کا مستقبل تابناک دکھائی دیتا ہے۔جیت کے جذبے کے ساتھ لاہور میں فائنل کھیلیں گے۔
تازہ ترین