• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ایس بی کا صوبوں میں قومی اسپورٹس کانفرنس کرانے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان اسپورٹس بورڈ نے وزیر اعظم کی ہدایت پر بین الصوبائی رابطے کی وزارت کے اشتراک سے کھیلوں کی قومی اسپورٹس کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس میں کھیلوں میں زوال اور اس میں بہتری کے لئے تجاویز مرتب کی جائے گی ۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اختر نواز گنجیرا نے کہا ہے قومی اسپورٹس کانفرنس تمام صوبوں اور وفاقی دارالحکومت میں مرحلہ وار منعقد ہوں گی پہلے مرحلے میں یہ کانفرنس 28 فروری کو پشاور میں منعقد کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں کھیلوں سے وابستہ شخصیات سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائیگا اور تمام فریقین سے مشاورت اور صوبوں کو آن بورڈ لینے کے بعد سفارشات مرتب کی جائے گی ۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی سفارشات کو بھی کانفرنس میں زیر غور لایا جائیگا ۔ اختر نواز گنجیرا کا کہنا تھا کہ مرحلہ وار تمام صوبوں میں انعقاد کے بعد قومی اسپورٹس کانفرنس اسلام آباد میں منعقد کی جائے گی جس میں کھیلوں کو زوال سے نکالنے اور ترقی کی طرف گامزن کرنے کیلئے تمام سفارشات کو مرتب کیا جائے گا جسے با ضابطہ منظور کیلئے وزیر اعظم نواز شریف کو بھیجا جائیگا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ قومی اسپورٹس کانفرنس کے انعقاد سے ملک میں کھیلوں کے معیار میں نہ صرف بہتری آئے گی بلکہ وزیر اعظم کی جانب سے سفارشات کی منظوری ہوتے ہی ان پر فوری طور پر عملدرآمد بھی شروع کر دی جائے گی ۔
تازہ ترین