• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اخبار فروش یونین کے انتخابات 24فروری کو ہونگے

ملتان (پ ر ) الیکشن بورڈ اخبار فروش یونین کے جنرل سیکرٹر ی ناصر حسین قریشی کے مطابق اخبار فروش یونین کے انتخابات 2017-19، 24فروری بروز جمعۃ المبارک کو ہونگے ۔ پولنگ 2بجے سے شام 6بجے تک یونین دفترگلدین کالونی نواں شہر ملتان میں ہوں گے۔ اخبار فروش یونین کے انتخابات آل پاکستان اخبار فیڈریشن کے آئین کے مطابق کرائے جاتے ہیں۔ دستور کے مطابق الیکشن دو سال کیلئے دو نشستوں پر کرائے جاتے ہیں۔ انتخابات میں دو گروپس حصہ لے رہے ہیں۔ اتفاق گروپ کے حاجی ملک محمد ایوب صدر اور رانا محمد اقبال نون جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔ جبکہ اتحاد گروپ کے ملک محمد عرفان اُتیرا صدارت اور احمد مختار ملک جنرل سیکرٹری کے امیدوار ہیں۔ چیئرمین الیکشن بورڈ ملک محمد اجمل ، وائس چیئرمین ملک مسعود الحسن مٹھو ، سیکرٹری الیکشن بورڈ ناصر حسین قریشی کی زیر نگرانی میں انتخابات کرائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور دونوں گروپس کو ضابطہ اخلاق کی پابندی کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ انتخابات کے فوراً بعد نتائج کا اعلان کیا جائے گا اور یکم مارچ سے نو منتخب عہدیداران کو اختیارات دئیے جائیں گے۔ اس کے بعد منتخب صدر اور سیکرٹری اپنے گروپ میں بقیہ عہدیداران کا انتخاب کریں گے۔ جن کا اعلان حلف برداری کے موقع پر کیا جائے گا۔ اخبار فروشوں کے سنیئر رہنما شیخ عمر دین ہیں جو گزشتہ 30سال سے اخبار فروشوں کی نمائندگی کر رہے ہیں اور انہی کی کاوشوں سے اخبار فروشوں کے مسائل حل ہوئے۔ مراعات میں اخبار مارکیٹ یونین دفتر حج و عمرہ کے ٹکٹ ، موٹر سائیکل ، سائیکل ، موبائل فون اور کمیشن میں اضافے جیسی سہولیات حاصل ہوئیں۔
تازہ ترین