• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیوٹمزغیر نصابی سرگرمیوں میں بھی اہم کردار ادا کررہی ہے،احمد فاروق بازئی

کوئٹہ(اسٹا ف رپورٹر) وائس چانسلر بیوٹمزاحمد فاروق بازئی نے پاکستان کی بھار ت کے خلاف جیت پر پاکستانی ٹیم اور کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے بیوٹمز کے طلباء استقلال کاسی، بلا ل بلوچ اورٹیم منیجر صابر کاسی کی کارکردگی کو سراہا، ان کا کہنا تھا کہ بیوٹمز تعلیم کے ساتھ ساتھ غیر نصابی سرگرمیوں میں بھی ہر اول دستہ کا کردار ادا کررہا ہے بیوٹمز کے طالب علموں نے اچھی کاکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پورے ملک ، بلوچستان اور بیوٹمز یونیورسٹی کا نام پوری دنیا میں روشن کیا ہے۔ واضح رہے کہ فیٹ فٹبال ٹرائنگولر چیمپیئن شپ کا آغاز 17فروری 2017سے یو اے ای میں ہوا جس میں پاکستان ،بھارت اور اومان کی ٹیموں نے شرکت کی پہلا میچ پاکستان اور بھارت کے مابین ہوا جس میں پاکستان ٹیم نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے روایتی حریف بھارت کو 12گول سے عبرت ناک شکست سے دوچار کیا جس میں پاکستان کی جانب سے بیوٹمز کے استقلال کاسی نے 4گول کیے جبکہ مین آف دے میچ پاکستان ٹیم کے کپتان اسفند یار قرار پائے ۔ دوسرا میچ پاکستان بمقابلہ اومان ہوا جس میں پاکستان کو ایک گول سے شکست ہوئی اور تیسرا میچ اومان بمقابلہ بھارت ہوا جس میں بھارت نے اومان کو شکست دی۔فائنل تک رسائی کا فیصلہ پوائنٹس کے ذریعے ہوا جس میں پاکستان اور بھارت نمایاں رہے ،فائنل میچ 19فروری کو پاکستان بمقابلہ بھارت ہوا جس میں پاکستان نے بھارت کو 17گول سے عبرتناک شکست سے دو چارکیا۔ پاکستان کی جانب سے بیوٹمز کے استقلال کاسی نے 6اور بلال بلوچ نے 3گول اسکور کیے فائنل میچ کے بہترین کھلاڑی اور مین آف دی سیریزبیوٹمز کے طالب علم استقلال کاسی قرار پائے۔ یاد رہے پاکستانی ٹیم کے لئے ہر شہر سے ایک ایک کھلاڑی کا انتخاب ہوا جبکہ کوئٹہ و بیوٹمز سے دو کھلاڑی منتخب ہوئے اور ٹیم منیجر کا اعزاز بھی صوبہ بلوچستان و بیوٹمز کو حاصل ہوا۔
تازہ ترین