• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلوچستان خوبصورت زبانوں کا گلدستہ ہے‘ہزارگی اکیڈمی

کوئٹہ(پ ر)ہزارگی اکیڈمی کے چیئرمین علی تورانی، جنرل سیکرٹری مصطفیٰ اہلخانی و دیگر عہدیداروں نے مادری زبانوں کے عالمی دن کے موقع پر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک اور صوبے میں لسانی پالیسی نہ ہونے سے 40 کے قریب زبانیں معدوم ہورہی ہیں۔ ہزارگی زبان بلوچستان اور ملک کے سات لاکھ نفوس کی زبان ہے جسے حکومت اور حکمرانوں نے ہمیشہ نظرانداز کیا۔ سرکاری ٹی وی اور ریڈیو میں وعدوں کے باوجود ہزارگی زبان کو نمائندگی دی جاسکی نہ ہی اسے سرکاری سرپرستی حاصل ہوسکی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان خوبصورت زبانوں کا گلدستہ ہے یہاں بولی جانے والی زبانوں کو اپنی ادبی تخلیقات کی ترویج و تراجم کے لئے مشترکہ فورم بنانے کی ضرورت ہے موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے مادری زبانوں سے محبت رکھنے والے اداروں کو یکجا ہونا چاہئے۔ ہزارگی زبان بھی اپنا بقاء کی جنگ لڑرہی ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں مادری زبانوں کے قاعدہ و درسی کتب کے ضمن میں ہزارگی زبان بولنے والوں کے لئے فارسی کتب کی اشاعت کو حیران کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ تاریخ اور لسانی علم و تحقیق سے نابلد افراد کو ہزارہ قوم پر فارسی مسلط کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ ہزارگی زبان کو قاعدہ ترتیب دیا جاچکا ہے ہزارہ قوم کے طلباء و طالبات کو ان کی مادری زبان ہزارگی میں پرائمری تعلیم دی جائے۔
تازہ ترین