• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد کچہری کے حفاظتی انتظامات سخت، پانچ افراد سے اسلحہ برآمد

اسلام آباد( خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد پولیس نےضلع کچہری ، سپریم کورٹ اور چیف کمشنر آفس میں سکیورٹی کا نظام سخت کر دیا ہے ۔ اور ہر شخص کو بلا تفریق جامہ تلاشی کے بعد داخل ہونے دیا جاتا ہے ۔ جس کے نتیجے میں گزشتہ تین دنوں کے دوران ایف ایٹ ضلع کچہری میں داخل ہونے والے پانچ افراد سے اسلحہ برآمد ہو چکا ہے ۔ اگر چہ یہ اسلحہ لائسنسی تھا تاہم دفعہ 144کے نافذ کی وجہ سے لائسنس یافتہ اسلحہ اپنے پاس رکھنے کےلئے ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کا اجازت نامہ ضروری ہوتا ہے ایس ایس پی اسلام آباد ساجد کیانی نے جامہ تلاشی کے دوران پستول برآمد کرنے والے پولیس اہلکاروں کو پانچ پانچ ہزار روپے نقد انعام اور تعریفی سریٹیفکٹ دیئے ہیں ۔ منگل کو ضلع کچہری ایف ایٹ میں داخلی راستوں پر مامور سکیورٹی سٹاف نے معمول کی جامعہ تلاشی کے دوران دو افراد کے قبضہ سے لائسنسی پستو ل اورگولیاں برآمد کرکے انہیں حراست میں لے لیا،جنہیں مزید تفتیش کے لئے سی آئی ڈی کے حوالے کردیاگیا ، ایس ایچ او تھانہ مارگلہ کے مطابق حراست میں لئے گئے دو افراد کاتعلق کوہاٹ جبکہ تیسرے کا تعلق قاسم آباد راولپنڈی سے ہے۔ پولیس کے مطابق حسین بادشاہ ولد نذر خان سکنہ ابن سینا روڈ اسلام آباد اپنے دوست محمد یعقوب ولد شبیر حسین سکنہ فیزII کے ڈی اے سکیم کوہاٹ کے ہمراہ ضلع کچہری میں داخل ہورہا تھا کہ جامعہ تلاشی کے دوران اس سے 9 ایم ایم پستول جس میں سات روند بھی موجود تھے برآمد ہوا۔ حسین بادشاہ نے پستول کا لائسنس پیش کیا مگراس کے پاس پستول رکھنے کا اجازت نامہ موجود نہ تھا جس پردونوں کو تھانہ مارگلہ منتقل کردیاگیا، ضلع کچہری آنے والوں کی جامعہ تلاشی کے دوران کامران آفتاب قریشی سکنہ کوہ نور ملز قاسم آباد راولپنڈی سے 30 بور پستول برآمد ہوا جس کے پاس بھی پستول کالائسنس موجود  تھا جس کاکہنا تھا کہ وہ ضلع کچہری میں چار لاکھ روپے جمع کروانے آیا ہے اور حفاظت کےلئے اپنا پستو ل بھی لے آیا ہے، تینوں افراد کو سی آئی ڈی کی تحویل میں دے دیاگیا ہے جو ضلع کچہری میں ان کی آمد اوراسلحہ کی موجودگی کے بارے میں تفتیش کررہے ہیں۔ایس ایس پی نے بتایا کہ ہفتہ اور پیر کو بھی ایک وکیل سمیت دو افراد سے لائسنسی پستول برآمد ہوئے تھے ۔
تازہ ترین