• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سیاحت کے فروغ کیلئےجڑواں شہروں میں ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن نے سیاحت کے فروغ کیلئے راولپنڈی اسلام آباد کے درمیان ڈبل ڈیکر بس سروس شروع کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے، پی ٹی ڈی سی کے میجنگ ڈائریکٹر چوہدری عبدالغفور خان نے جنگ سے  بات چیت میں بتایا کہ جڑواں شہروں کیلئے ہم 9بسیں چلا رہے ہیں ابتدائی طور پر ایک بس تیار کرلی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ 25لاکھ کے اس منصوبے کیلئے سپانسر کی تلاش جاری ہے جس کیلئے متعدد پارٹیوں نے ہم سے رابطہ کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ مارچ کے وسط میں شروع کی جانے والی اپنی نوعیت کی اس پہلی بس سروس کا افتتاح وزیراعظم نواز شریف خود کریں گے، چوہدری عبدالغفور نے کہا کہ اس بس سروس کے شروع ہونے سے ملک میں سیاحت کے فروغ میں بڑی مدد ملے گی اس بس کا کرایہ انتہائی مناسب ہوگا تاہم اس کا تعین ہونا ابھی باقی ہے، ڈبل ڈیکر بس کے روٹ بارے انہوںنے بتایا کہ بس فلیش مینز ہوٹل صدر سے چلے گی اور کچہری چوک سے ہوتی ہوئی کورال چوک اور وہاں سے بذریعہ اسلام آباد ہائی وے زیرو پوائنٹ، لوک ورثہ، پاکستان مونومیٹ سے فیصل مسجد اور وہاں سے مرغزار اور پھر سیدپور ویلج ہوکر اس بس کا آخری سٹاپ لیک ویو پارک ہوگا۔ ایم ڈی پی ٹی ڈی سی نے کہا کہ موجودہ حکومت دنیا میں پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق 2017کو سیاحت کا سال قرار دے دیا گیا ہے جس کیلئے پی ٹی ڈی سی کے تمام موٹلز کو جدید سہولیات کے ساتھ اپ گریڈ کیا جا رہا ہے جبکہ اس سال اپریل میں عالمی ادارہ برائے سیاحت کے زیر انتظام اسلام آباد میں ایک کانفرنس منعقد کی جائے گی ۔
تازہ ترین