• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ سعید کے خلاف خواجہ آصف کے بیان پرجماعۃالدعوۃ کے مظاہرے

اسلام آباد،راولپنڈی(، خصوصی نامہ نگار،اپنے رپورٹر سے )  جماعۃ الدعوۃ کی جانب سے وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف دیئے گئے بیان کے خلاف جڑواں شہروں میں احتجاجی مظاہرے  کئے گئے ، نیشنل پریس کلب کے سامنے ہونے والے  مظاہرے میں انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ، انجمن تاجران کے رہنما کاشف چوہدری ، عالمی تحریک  انجمن پنجتن پاک  کے رہنما ڈاکٹر عظمت اللہ سلطان قادری، تحریک انصاف اسلام آباد کے جوائنٹ سیکرٹری عمران خان ، یاسر بٹ و دیگر نے خطاب کیا ۔  انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا کہ خواجہ آصف کے بیان پر پوری قوم  پریشان  ہے۔حافظ سعید کشمیر کاز کی پہچان  ہیں ۔ کاشف چوہدری نے  کہا کہ خواجہ آصف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہیں پہلے امریکی صدر ٹرمپ کو خوش کرنے کے لیے محب وطن حافظ سعید کو نظر بند کیا گیا ۔خواجہ آصف کی جانب سے حافظ سعید کے خلاف بیان پرجماعۃ الدعوۃ کے زیر اہتمام راولپنڈی میں بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ، لیاقت باغ کے سامنے ہونے والے مظاہرے کی قیادت جماعۃ الدعوۃ راولپنڈی کے مسؤل مولانا عبدالرحمن نے کی۔ اس موقع پر شرکاء کی جانب سے خواجہ آصف اور بھارت کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالرحمن نے کہا کہ خواجہ آصف وزیر دفاع پاکستان کےہیں لیکن زبان بھارت کی بولتے ہیں۔بھارتی دباؤ پر حافظ محمد سعید ودیگر رہنماؤں کو نظربند کیا جارہا ہے۔بھارتی و امریکی ایما پردیئے گئے خواجہ آصف کے بیان کی پوری پاکستانی قوم مذمت کرتی ہے۔حافظ محمد سعید محب وطن لیڈر ہیں۔
تازہ ترین