• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیر داخلہ دہشتگردی کے خلاف پالیسی وضع کریں، ثروت قادری

کراچی(پ ر)سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیوں کے رہنمائوں کو محب وطن کا سرٹیفیکٹ دینے والے وفاقی وزیر داخلہ نے قومی ایکشن پلان میں چھرا گھونپاہے، وزیر داخلہ سرٹیفیکٹ بانٹنے کی بجائے دہشتگردی کے خلاف پالیسی واضع کریں، عوام کو یہ بتایا جائے ابھی تک دہشتگردوں کے ہمدرد اور سہولت کاروں کو قانون کی گرفت میں کیوں نہیں لایا جاسکا ،پنجاب میں دہشتگردوں کے خلاف کراچی طرز کا آپریشن کیوں نہیں کروایا جارہا ،دہشتگردی کے خلاف پاک فوج ،رینجرز ،پولیس اور سول سوسائٹی کی قربانیاں رائیگاں جانے نہیں دینگے ،دہشتگردی کی نئی لہر کے پیچھے اسلام وملک دشمن قوتوں کا ہاتھ ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے چارسدہ میں حملے کی شدید مذمت اورشہیدوں کے لواحقین سے گہرے دکھ وافسوس کا اظہار کرتے ہوئے کیا ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بیرونی قوتوں کی سازشوں کو اتحاد ویکجہتی سے ناکام بنانا ہوگا ، انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کا قلعہ ہے اور واحد اسلامی ایٹمی قوت ہے ،اسلام اور پاکستان کے دشمن دہشتگردی کے ذریعے اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل چاہتے ہیں ،پوری قوم دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے ہمارے حوصلے بلند ہیں ملک سے دہشتگردی کا خاتمہ کرکے دم لینگے،انہوں نے کہا کہ دہشتگرد اور ان کے سہولت کار کسی بھی صف میں موجود ہوں جب تک ان کو قانون کی گرفت میں نہیں لایا جائیگا ،دہشتگرد اور ان کے سہولت کاروں کو چھوٹ دینا دہشتگردی کو آکسیجن دینے کے مترادف ہوگا ۔
تازہ ترین