• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
اسلام آباد(حنیف خالد)وفاقی محتسب آف پاکستان اور ایشیائی محتسبوںکی ایسوسی ایشن وایشیائی ریجن انٹرنیشنل محتسب انسٹیٹیوٹ کے صدرمحمد سلمان فاروقی( نشان امتیاز) نے کلینڈر سال 2016کی سالانہ رپورٹ جاری کر دی،اس میں 2013سے2015تک کے وفاقی محتسب کے فیصلوں کا احاطہ کیا گیا ہے،وفاقی محتسب سلمان فاروقی نے صدرمملکت کو ایک خط بھی لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چارج سنبھالنے کے بعد میں نے پانچوں محتسبوں کو خودمختار اورفعال بنانے کیلئے اصلاحات لائی ہیں ،اصلاحات کی منظوری کیلئے پارلیمنٹ کے بھی مشکور ہیں،شکایت جلد نمٹانے کیلئے 45دن اور نظرثانی اپیلوں کیلئے 60دن مقرر کئے اس سے پہلے شکایات نمٹانے میں سالوں لگ جاتے تھے۔سال 2013تا 2016 میں کل  464340شکایات میں سے 310172 کا ازالہ کیا گیا۔سال 2016میں سب سے زیادہ 102780 درخواستوں کو نمٹایا گیااورتقریبا 80 فیصد شکایات کاازالہ کیا گیا،ایک فیصد سے بھی کم ہمارے فیصلوں کے نتائج کو صدر کے سامنے پیش کیا گیا،جبکہ 90فیصدفائنڈنگ کو برقرار رکھا گیا،2014میں تمام درخواستوں کو 60دن کے اندر نمٹایا گیا۔سال 2015میں تمام شکایات کو 45دن کے اندر بغیر تاخیر نمٹایاگیا،2016میں نیا طریقے اپنائے گئےاور شکایات کو 15 دن کے اندر نمٹایا گیا۔8 انٹرنیشنل ائیر پورٹس پر شکایات کے فوری ازالے کیلئے سہولتی ڈیسک بنائے گئےجو 24 گھنٹے فعال ہوتے ہیں۔ایف پی سی سی آئی کے ہیڈ کوارٹر میں شکایات کے تیز ترین ازالے کیلئے سہولتی ڈیسک بنایا گیا،تحقیقاتی افسروں کی شفاف بھرتی کی گئی اور ان کا معیار ریٹائرڈ وفاقی سیکرٹری اور ایڈیشنل سیکرٹری کے برابر کیا،ایک مہینے میں تحقیقاتی افسر کی شکایات کے ازالے کی صلاحیت کو بھی بڑھایا ہے پہلے تحقیقاتی افسر 36درخواستیں نمٹاتا تھا اب 102 شکایات کا ازالہ کیا جاتاہے۔بیرون ممالک اور ملک میں دور دراز علاقوںسے شکایات سننے کیلئے ویڈیو کانفرنس اور سکائپ کا طریقہ متعارف کروایا ہے،شکایات کے ازالے کے دوران وقت کی بچت کیلئے دوطرفہ ابلاغ کا طریقہ بھی استعمال میں لایا ہے۔ شکایات سننےکیلئے 1055 ٹیلی فون لائنز کومختص کیا،شکایات کنندہ کو ایس ایم ایس کے زریعے اپ ڈیٹ کیا جاتاہے۔
تازہ ترین