• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکٹر عاصم کیخلاف کرپشن ریفرنس میں گواہ نے بیان قلم بند کرا دیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم کے خلاف فرٹيلائزر سیکٹر ميں462 ارب روپے کرپشن ریفرنس میں گواہ نے اپنا بیان قلمبند کرادیا۔ عدالت نے سماعت 25فروری تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت ميں سماعت شروع ہوئی تو گواہان کے بیانات قلم بند کیے گئے جس ميں بنک افسر اکرام کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عاصم کے اکائونٹس ميں ضیاء الدین اسپتال سے روزانہ کی بنیاد پر پیسہ جمع ہوتا تھا۔ ڈاکٹر عاصم کی اہلیہ اور ٹرسٹ کے نام سے بھی بنک اکائونٹ تھے۔ نیب کے افسر کو اس حوالے سے تمام دستاویزات بھی فراہم کيں۔ نیب کے گواہ نے عدالت میں بھی تمام دستاو یز پیش کيں جسکے بعد شریک ملزم اطہر حسین کے وکيل اویس جمال نے اپنے دلائل شروع کیے جس ميں ان کا کہناتھا کہ ڈاکٹر عاصم کو 2000 ء سے پہلے رفاحی پلاٹ الاٹ کیے گئے،ملزم اطہر2003 میں کے ڈی اے میں تعینات ہوئے،اطہر حسین کا ڈاکٹر عاصم کو زمینوں کی الاٹمنٹ سے کوئی تعلق نہیں،الزام ہے کہ رفاحی پلاٹوں کی الاٹمنٹ نہیں ہوتی اور انہوں نے زمین ڈاکٹر عاصم کو الاٹ کی، نیب کا کہنا تھا کہ رفاحی پلاٹوں پر ڈاکٹر عاصم نے مکان بنائے، اسکی فہرست ہمارے پاس موجود ہے،جس پر دوران سماعت ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ وہ فہرست بھی جھوٹی ہے۔ عدالت نے مزید سماعت25؍ فروری تک ملتوی کردی۔
تازہ ترین