• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی دلچسپی سے ہیپاٹائٹس سی کا علاج پندرہ گنا سستا ہوگیا

اسلام آباد (حنیف خالد) وزیراعظم نواز شریف کے سگنل سے ’’ہیپاٹائٹس۔ سی (کالا یرقان) کا علاج جو مریضوں کی پہنچ سے بہت دور تھا اسے غریب مریض کی رسائی میں کردیا۔ جنگ کو معلوم ہوا ہے کہ ہیپاٹائٹس سی کا علاج ترقی یافتہ ممالک کی ریسرچ سے جو حال ہی میں دریافت ہوا وہ انجکشنوں کی بجائے گولیوں کی شکل میں ہے یہ گولیاں پہلے امریکہ یورپ سے امپورٹ ہوتی تھیں وہ ایک ماہ کا کورس جو 28 گولیوں کا تھا وہ پاکستان میں امپورٹر 38 ہزار 500 روپے میں فروخت کرتا تھا امریکن/یورپین فارمولے کے مطابق پاکستان میں یہ گولیاں بنا کر مارکیٹ کرنے والی ملکی/غیر ملکی کمپنیوں نے وزارت صحت کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (DRAP) سے  ان گولیوں کی رجسٹریشن کیلئے رجوع کیا ڈریپ نے ان کی قیمت 38 ہزار 500 کی بجائے 28 ہزار 500 روپے مقرر کرنے کی سمری وزیر صحت سائرہ افضل تارڑ کے ذریعے وزیراعظم نواز شریف کو بھجوا دی جس پر سینٹ آف پاکستان کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے ہیلتھ (مجلس قائمہ برائے صحت) کے ممبر سینیٹر میاں عتیق نے اس کا نوٹس لیا اور وزیراعظم محمد نواز شریف سے بالمشافہ ملاقات کرکے انہیں ہیپاٹائٹس کے تین ماہ یا پانچ ماہ کے علاج کی اٹھائیس اٹھائیس گولیوں کے تین یا پانچ پیکٹ کی قیمت بے حد کم کرنے کی درخواست کی۔ سینیٹر میاں عتیق نے وزیراعظم کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ ملک میں عالمی ادارہ صحت کے تازہ ترین سروے کے مطابق دو کروڑ بیس لاکھ سے زائد افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہیں اور زیادہ تر یہ مرض دیہی علاقوں کے غریب ترین لوگوں کو لاحق ہے۔ سینیٹر میاں عتیق نے وزیراعظم کو پیشکش کی پاکستان کی متعدد ادویات ساز کمپنیاں امریکی/یورپی معیار کی ہیپاٹائٹس سی کے 95 فیصد علاج کی یہی 28 گولیوں کا پیکٹ 3 ہزار روپے میں بنا کر مارکیٹ کرنے کو تیار ہیں جس کا سروے انہوں نے کراچی لاہور اسلام آباد کی فارما سیوٹیکل کمپنیوں میں جاکر کیا۔
تازہ ترین