• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج ثابت ہوگیا، چیئرمین نیب بھی کرپٹ ہیں ،عمران خان

اسلام آباد (نمائندہ جنگ ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ کرپٹ وزیر اعظم نے پہلے پنجاب پولیس کو تباہ کیا ،اب قومی اداروں کو تباہ کر رہے ہیں۔آج ثابت ہوگیاکہ چیئرمین نیب بھی کرپٹ ہیں، وہ ملک کیسے چل سکتا ہے جس کا وزیر خزانہ وزیر اعظم کیلئے منی لانڈرنگ کرتا رہا ہو۔ نواز شریف جمخانہ میں بھی اپنے امپائر کھڑے کر کے کھیلتے تھے ، انہیں اپنے امپائر کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کی عادت ہے۔ گزشتہ روز بنی گالہ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی وزیر اعظم کے گھر کا ملازم ہے جس نے میرے خلاف ریفرنس بھیج دیا مگر وزیر اعظم کا نہیں بھیجا۔ پانامہ لیکس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ چند دنوں میں متوقع ہے ، ن لیگ نے پرانی تاریخ دہرائی تو قوم سے چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔ انہوں نےکہاکہ پانامہ کے فیصلے سے خوفزدہ مسلم لیگ ن کے کئی رہنما تحریک انصاف میں آنے کیلئے چھپ کر رابطے کر رہے ہیں ، وقت آنے پر فیصلہ کریں گے، کس کو لینا ہے اور کسے نہیں۔عمران خان نے کہا کہ سپریم کورٹ میں آج کی سماعت میں اٹارنی جنرل نے بھی سپریم کورٹ کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے ، کیا نواز شریف مغل اعظم ہیں کہ چوری کریں ، اسمبلی میں جھوٹ بولیں مگر قانون ان کو ہاتھ نہ لگائے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کے ادارے تباہ کردیئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے خود وزیر اعظم کیلئے کی جانے والی منی لانڈرنگ کی تفصیلات بتا دی ہیں جس سے کرپشن کا ثبوت مل گیا ہے ،  آج سپریم کورٹ میں ایف بی آر کا چیئرمین بھی کرپٹ ثابت ہوچکا ہے ، عوام کے ٹیکس پر پلنے والے ادار ے شریف خاندان کی نوکری کر رہے ہیں۔  چیئرمین نیب میں تھوڑی سی شرم ہوتی تو وہ استعفیٰ دے دیتے۔ انہوں نے کہا کہ نیب وزیر اعظم کی چوری چھپانے کیلئے بہانے کر رہا ہے۔  مریم نواز نے کہا تھا طوفان تھم گیا ہے لیکن مجھے لگتا ہے اس سے بھی بڑا طوفان آنے والا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ قبائلی عوام کی مشاو ر ت اور ان کے خدشات دور کرنے کے بعد قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخوا میں شامل کیا جائے ، جب تک وہاں لوکل گور نمنٹ سسٹم نہیں آتا مسائل حل نہیں ہوں گے ، دوسرا ضرب عضب نہیں ہو سکتا۔ پنجاب میں جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کیلئے رینجرز کو لانا ہی پڑے گا۔ عمران خان نے تحریک انصاف کی عوامی رابطہ مہم ایک بار پھر سے شروع کرنے کا ارادہ بھی ظاہر کیا۔
تازہ ترین