• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تحفظ ناموس رسالت قانون میں تبدیلی برداشت نہیں، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت

کراچی ( پ ر) مختلف مذہبی اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے حکومت اور مختلف قوتوں کو انتباہ کیا ہے کہ وہ تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں رد وبدل کے کسی بھی عمل سے مکمل گریز کریں اور اس حوالے سے مہم جوئی کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ امت مسلمہ تحفظ ناموس رسالت پر کسی قسم کی نرمی دکھانے کے لیے تیار نہیں۔ تحفظ ناموس رسالت کے قانون میں ترمیم یا قادیانیوں کے حوالے سے آئینی ترمیم میں کسی بھی قسم کی تبدیلی برداشت نہیں کی جائے گی۔ منگل کو کراچی پریس کلب میں عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کراچی کے تحت آل پارٹیز تحفظ ناموس رسالت کانفرنس کا انعقاد ہوا۔ کانفرنس کی صدارت عالمی مجلس تحفظ نبوت کے سربراہ شیخ الحدیث مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر نے کی جبکہ دیگر شرکاء میں مجلس کے نائب امیر خواجہ عزیز احمد، مولانا اعجاز مصطفی، رانا محمد عثمان، جمعیت علمائے اسلام (ف) کے قاری محمد عثمان، مولانا عبدالقیوم نعمانی، مفتی عبدالحق عثمانی، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے مفتی محمد رفیق سلفی، ایم کیو ایم پاکستان کے سینیٹر مولانا تنویر الحق تھانوی، پاک سرزمین پارٹی کے وسیم آفتاب، پیپلز پارٹی کے مفتی فیروزالدین ہزاروری، حاجی مظفر علی شجرہ، مرکزی جمعیت اہلحدیث کے پاکستان کے محمد افضل سردار ، جمعیت علمائے اسلام کے پیر عبدالشکور نقشبندی، نظام مصطفی پارٹی کے الحاج محمد رفیق، جماعت غرباء اہلحدیث کے حافظ محمد سلفی، تنظیم علماء پاکستان کے قاری اللہ داد، عوامی نیشنل پارٹی کے یونس بونیری، جمعیت علمائے پاکستان (نورانی ) کے سید حفیظ انجم قادری، اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن مولانا امداد اللہ، متحدہ علمائے محاذ پاکستان کے علامہ مرزا یوسف حسین، جماعت الدعوۃ کے مزمل اقبال ہاشمی، جمعیت علمائے اسلام (س) کے قاری عبدالمنان انور ، حافظ احمد علی، جمعیت علمائے پاکستان کے محمد علیم خان غوری، تحریک انصاف کے اسرار عباسی اور مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ تقریباً پانچ گھنٹے جاری رہنے والی آل پارٹیز کانفرنس میں مقررین نے تحفظ ختم نبوت کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی ۔ مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر نے کہا کہ ہم سب کا قرآن ، نبیؐ، دین اور قبلہ ایک ہے ۔ امت مسلمہ کے اتحاد کی عمارت اسی پر قائم ہے اور اسی جذبے کے تحت ہم یہاں جمع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس رسالت قانون بنانے اور اب اس کے تحفظ کے لیے کام کرنے والوں کو اللہ کے نبیؐ کی شفاعت نصیب ہو گی جو قوتیں اس قانون میں تبدیلی یا ترامیم کرنا چاہتی ہیں۔ ہم انہیں انتباہ کرنا چاہتے ہیں کہ وہ اس سے گریز کریں ۔ یہ آسان کام نہیں ہے ۔ امت مسلمہ کے لیے تحفظ ناموس رسالت سب سے بڑھ کر ہے اور اس کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ امید ہے کہ موجودہ حکمران اور مقتدر قوتیں اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت کرنے والی ہیں اور یہ لوگ ایسا کوئی کام نہیں کریں گے ، جس سے تحفظ ناموس رسالتؐ کے قانون میں آنچ آ جائے۔ انہوں نے کہا کہ بعض لوگ کرسی کے لیے حد سے گزر جاتے ہیں ۔ امید ہے کہ موجودہ حکمرانوں اور مقتدر قوتوں کو کرسی کی کمزوری اور اس کے دھوکے کا علم ہو گا۔ مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق سکندر نے کہا کہ حکمرانوں کی کرسی کی بقاء اسی میں ہے کہ تحفظ ناموس رسالت کے قانون کے بارے میں کوئی سودے بازی نہ کریں اور ایسا کوئی بھی قانون بنانے سے گریز کریں ، جس سے مسلمانوں کو ٹھیس پہنچے ۔ ناموس رسالتؐ کے قانون میں کسی بھی طرح کی تبدیلی یا ترمیم کے نتائج انتہائی خوف ناک ہوں گے ۔ کانفرنس کے مشترکہ اعلامیہ میں پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کے بعض بیانات پر سخت تشویش کا اظہار کیا گیا ہے ۔ اعلامیہ میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تعزیرات پاکستان کے قانون 295 ۔C کے خلاف سرگرمیوں کا نوٹس لیا جائے اور اس قانون کے تحفظ کا واضح اعلان کیا جائے ۔ جناح یونیورسٹی کے ادارہ فزکس کو ڈاکٹر عبدالسلام کے نام سے منسوب کرنے سے اجتناب کیا جائے کیونکہ وہ اسلام اور پاکستان دشمن تھے۔ چناب نگر میں ریاست کے اندر ریاست کا ماحول ختم کیا جا ئے اور قانون کی حکمرانی یقینی بنائی جائے ۔ ملک میں قادیانی چینلز کا نوٹس لیا جائے اور ان پر پابندی عائد کی جائے ۔ ذوالفقار علی بھٹو کے دور میں قومیائے گئے تعلیمی اداروں میں سے صرف قادیانی تعلیمی اداروں کو واپس کرنا عوامی جذبات کی توہین اور ملک کی نظریاتی اثاثے کے منافی ہے ۔ چکوال میں قادیانیوں کی فائرنگ سے شہید و زخمی ہونے والوں سے ہم سب یکجہتی کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیںکہ مسلمانوں کے مطالبات کو فوری طور پر پورا کیا جائے اور جانبدارانہ رویہ ترک کیا جائے۔ اعلامیہ میں انتباہ کیا گیا ہے کہ اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں دی گئی مدت میں مطالبات پورے نہ کیے گئے اور حکومت کے طرزعمل میں تبدیلی نہیں آئی تو ملک گیر تحریک کا آغاز کیا جائے گا ۔ جمعیت علمائے اسلام کے قاری محمد عثمان نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور کہا کہ ہم سب تحفظ ناموس رسالت ؐ کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔
تازہ ترین