• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمانی کمیٹی نے داخلی سلامتی کیلئے 18ارب کے منصوبوں کی منظوری دیدی

اسلام آباد( نمائندہ جنگ) پارلیمانی کمیٹی نے آئندہ مالی سال میں داخلی سلامتی کو مستحکم بنانے کیلئے 18؍ ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دے دی ہے۔رانا شمیم احمد خان کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی داخلہ کمیٹی کے اجلاس میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت اور سکیورٹی فورسز کی قربانیوں کو سراہاگیا۔ پارلیمانی کمیٹی نے متفقہ قرارداد کی منظوری دی دیتے ہوئے حکومت سے کہاکہ دہشت گردی واقعات میں شہید ہونیوالے شہریوں ،سیکورٹی اہلکاروں اور انکے زیر کفالت کا ڈیٹا مرتب کیا جائے۔سیکرٹری داخلہ تمام صوبوں کے ساتھ مل کر رپورٹ تیارکرکے اپریل تک داخلہ کمیٹی کو پیش کریں۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان کے 20نکات پر اب تک ہونے والی کاروائی پر کمیٹی کو ان کیمرہ بریفنگ دی گئی ۔کمیٹی ممبر عارف علوی نے کہا کہ تمام صورتحال پر نیکٹا سے بریفنگ لینے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔کمیٹی نے داخلی سلامتی کومستحکم بنانے کیلئے 18 ارب روپے کے منصوبوں کی منظوری دی ہے، رکن کمیٹی غالب خان نے کہاکہ گزشتہ دور حکومت میں جاری اسلحہ کے لائسنس میں سے بیشتر کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ،ایسے لوگوں کو اسلحہ لائسنس جاری کئے گئے جو دہشت گردوں سے بھی برے ہیں ، ایسے تمام اسلحہ لائسنس منسوخ کئے جائیں۔
تازہ ترین