• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متعلقہ ملک خودایکشن لے ورنہ پاکستان کارروائی کریگا‘وزیر خزانہ

اسلام آباد (ایجنسیاں)وفاقی وزیرخزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ دہشت گردوں کو ملک میں یا سرحد پار محفوظ ٹھکانے بنانے کی اجازت نہیں دیں گے‘متعلقہ ملک خود ایکشن لے ورنہ پاکستان کارروائی کریگا‘اپنی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہونے دینگے‘ مخصوص عناصر کو ملکی ترقی ہضم نہیں ہورہی‘مسلم لیگ (ن)کی قیاد ت کا دامن صاف ہے‘ نوازشریف کی قیادت میں ملکی ترقی کا سفر دوبارہ شروع ہورہاہے‘فوج کو ملک کے اندر اور بیرون ملک دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا اختیار دیا گیاہے‘ سول اور عسکری قیادت پاکستان کو پرامن بنانے کیلئے پرعزم ہے،دنیا پاکستان کو 16ویں بڑی معیشت بنتے دیکھنا نہیں چاہتی۔ بدھ کو یو ایس ایف اور ٹیلی نار کے درمیان معاہد ے پر دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک کو ترقیاتی اور جدید ڈیجیٹل سہولتوں کی فراہمی ہمارا وژن ہے، معاہدے کے تحت ٹیلی کمیونیکیشن پر 12ارب روپے خرچ کیے جائیں گے،توقع ہے کہ منصوبہ بروقت مکمل ہوجائے گا،وزیراعظم فائبر آپٹک منصوبے کا پہلے ہی افتتاح کرچکے ہیں،فائبر آپٹک کا 9.2ارب روپے کا منصوبہ ہے،چینی کمپنی جلد کام شروع کرے گی‘ 1999میں ایک آمر نے قبضہ کرکے ملکی ترقی کو روک دیا تھا‘اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ حکومت نے اقتصادی بحالی کے ساتھ دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے بھی اقدامات کیے‘انہوں نے حزب اختلاف کی جماعتوں پرزوردیا کہ وہ ملک کے خوشحال مستقبل کی خاطر الزام تراشی کی سیاست بند کریں‘وزیرخزانہ نے مزید کہاکہ ملک کے مستقبل سے کھیلنے والے عناصر یقینا اپنے مذموم عزائم میں ناکام ہوں گے۔
تازہ ترین