• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلزپارٹی کی قیادت کا فوجی آپریشن ’رد الفساد‘ کی حمایت کا فیصلہ

  کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کی قیادت نے آپریشن رد الفساد کی حمایت کا فیصلہ کیا ہے اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گرد انسانیت کے دشمن ہیں پیپلز پارٹی دہشت گردی کیخلاف مہم میں سیکورٹی اداروں اور پوری قوم کے شانہ بشانہ ہے جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سیدخور شید شاہ نے ملاقات کی اور آصف علی زرداری نے کہا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پاناما پر سخت مؤقف اختیار کیا جائے ۔ مشاورت میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے طے کیا کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر پارلیمان اور پارلیمانی جماعتوں کی مشترکہ مؤقف کی حمایت کی جائے گی ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو بلاول ہائوس میں پارٹی کے سینئر رہنماؤں نے سابق صدرآصف علی زرداری اور پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو سے ملاقات کی دہشت گردی کی حالیہ لہرکے بعد پیدا صورتحال پرتبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی قیادت نے پاک فوج کی جانب سے آپریشن رد الفساد شروع کرنے کے اعلان کا خیرمقدم کرتے ہوئے دہشت گردی کے مکمل خاتمہ کے لیے اپنا عزم دہرایا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہاکہ د ہشت گردی سے وہ خود ذاتی طور پر متاثر ہوئے ہیں اور انہوں نے اپنی عظیم ماں کی قربانی دی ہے ، دہشت گردی اندرونی ہو یا بیرونی اسے ختم کرکے دم لیں گے ۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عمل ہوتا ہوا دکھائی نہیں دے رہا، صرف سندھ حکومت اس پر عمل درآمد کررہی ہے ۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف زرداری سے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورقومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے ملاقات کی، وزیراعلیٰ سندھ نے سانحہ سیہون کے بعد کی صورتحال سے آگاہ کیا جبکہ سپریم کورٹ میں جاری پاناما کیس کاجائزہ لیا گیا۔ آصف زرداری کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں پاناما پرسخت مؤقف اختیار کیا جائے ، خورشید شاہ نے پاناما پر اب تک ہونیوالی پیشرفت سے سابق صدر کو آگاہ کیا ، ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال ، پاناما لیکس ، فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر ہونے والی مشاورت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، خورشید شاہ نے آصف زرداری کو فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے حوالے سے حکومتی موقف اور پارلیمانی جماعتوں کی رائے سے آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاناما لیکس اور دیگر قومی معاملات پر پیپلز پارٹی تمام پارلیمانی اور سیاسی جماعتوں سے مشاورت کا سلسلہ جاری رکھے گی، پیپلز پارٹی ہمیشہ پارلیمنٹ اور جمہوری اداروں کی بالادستی اور انہیں مستحکم کرنے پر یقین رکھتی ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے بنائی جانے والی پالیسی پر پارلیمنٹ اور پالیمانی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری ہے اور جو بھی پالیسی بنے ، وہ قومی اتفاق رائے سے بننی چاہئے۔ اس اہم مشاورت میں پیپلز پارٹی کی قیادت نے طے کیا ہے کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر پارلیمان اور پارلیمانی جماعتوں کی مشترکہ موقف کی حمایت کی جائے گی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اتفاق رائے سے جو بھی پالیسی تشکیل دی جائے گی ، پیپلز پارٹی اس پالیسی کا ساتھ دے گی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر آج جمعرات کو اسپیکر قومی اسمبلی کی صدارت میں ہونے والے پارلیمانی جماعتوں کے اجلاس میں اپنی پالیسی واضح کرے گی اور پیپلز پارٹی تجویز دے گی کہ قومی سلامتی کے معاملے پر پارلیمانی کمیٹی فوراً تشکیل دی جائے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بنائے گئے قومی ایکشن پلان پر مکمل عمل درآمد کیا جائے اور عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے قانون سازی پارلیمانی جماعتوں کی مشاورت سے کی جائے اور حکومت اس حوالے سے اپنی گائیڈ لائن دے۔ 
تازہ ترین