• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی‘قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل اتفاق رائے سے منظور

اسلام آباد(پرویزشوکت )قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے قرآن پاک کی لازمی تعلیم کا بل2017 اتفاق رائے سے منظور کرلیا ہے اورحالیہ دہشت گردی کے واقعات کے تناظر میں حکومت سے سفارش کی ہےکہ ملک بھر کے تعلیمی اداروں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے ‘آئندہ مالی سال کے تعلیمی بجٹ میں تین فیصد اضافہ اور17منصوبوں کیلئے 3.2ارب روپے منظور کئے جائیں۔ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین کمیٹی کرنل ریٹائرڈ ڈاکٹر امیر اللہ مروت کی زیر صدارت ہوا‘اجلاس میں وزارت تعلیم کے پہلی جماعت سے بارہویں جماعت تک قرآن کریم کی تعلیم دینے کے فیصلے کو سراہا ۔چیئرمین امیر اللہ مروت نے کہا کہ پہلی جماعت سے پانچویں جماعت ناظرہ تعلیم اور چھٹی جماعت سے لیکر بارہویں جماعت تک طلبہ طالبات کو ترجمے کے ساتھ قرآن پڑھانے کااقدام نہایت احسن ہے ‘کمیٹی نے 10جاری اور 7 نئے منصوبوں کیلئے 3 ارب 20کروڑروپے منظور کرنے کی سفارش کی۔ کمیٹی نے اپرینٹس شپ بل 2017ء پر بھی بحث کی اور فیصلہ کیا اس پر مزید غور آئندہ اجلاس میں کیا جائے گا۔ چیئرمین نے  زوردےکر کہاکہ تعلیم کے بجٹ میں اضافہ اشد ضروری ہے۔  وزیر مملکت انجینئر بلیغ الرحمان نے اجلاس کو بتایا کہ ووکیشنل اور ٹیکینکل ایجوکیشن سسٹم کی بہتری کےلئے بہت سی اسکیمیں پائپ لائن میں ہیں‘ قائمہ کمیٹی نے کامسیٹس میں خواتین کے ساتھ زیادتی اور ہراساں کرنے کا سخت نوٹس لیا اور ریکٹر کامسٹس کو ہدایت کی کہ وہ خواتین کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کریں۔کمیٹی نے اس کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تعلیمی اداروں میں خواتین ورکرز کےلئے ماحول کو بہتر بنایا جائے اورکمیٹی نے ایسے عناصر کےخلاف سخت سزائیں دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسی کسی شکایت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
تازہ ترین