• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن 200 ارب ڈالرز کے اثاثوں کے ساتھ دنیا کے امیر ترین شخص

کراچی (نیوز ڈیسک) خیال کیا جاتا ہے کہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن دنیا کے امیر ترین شخص ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے اثاثوں کی مالیت 200؍ ارب ڈالرز ہو سکتی ہے۔ فوربز میگزین کے مطابق باضابطہ طور پر مائیکروسافٹ کے سربراہ بل گیٹس دنیا کے امیر ترین شخص ہیں اور ان کے اثاثوں کی مالیت 75؍ ارب ڈالرز ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ دو دہائیوں سے اقتدار میں رہتے ہوئے روس کے صدر نے اپنے اثاثوں، شیئرز اور جائیداد میں بے پناہ اضافہ کیا ہے۔ سیاسی تجزیہ کار اسٹانسلاف بیلکووسکی کے مطابق 64؍ برس کے روسی صدر کے اثاثوں کی مالیت 2007ء میں 40؍ ارب ڈالرز تھی تاہم روس میں سابق فنڈ مینیجر بل برائوڈر کے مطابق پیوٹن کے اثاثوں کی مالیت 200 ارب ڈالرز سے بھی کہیں زیادہ ہے۔ فوربز نے پیوٹن یا کسی دوسرے سربراہ کا نام لیے بغیر کہا تھا کہ میگزین عالمی رہنمائوں بالخصوص آمروں کا نام فہرست میں شامل نہیں کرتا کیونکہ ان کے اثاثوں اور دولت کا حصول ان کے اقتدار اور طاقت کی وجہ سے ہوتا ہے۔ بیلکووسکی کا کہنا ہے کہ پیوٹن نے زیادہ تر دولت تیل کے کاروبار سے حاصل کی ہے اور تیل کی کمپنی میں ان کے 37 فیصد شیئرز ہیں، قدرتی گیس کی سرکاری کمپنی گیزپروم میں ان کے 4.5 فیصد شیئرز ہیں۔ ان کے پاس بحیرہ اسود کے کنارے ایک عالیشان محل ہے جس کی مالیت ایک ارب ڈالرز بتائی جاتی ہے۔ ان کے پاس ایک بحری جہاز بھی ہے جسے انہوں نے 35 ملین ڈالرز میں خریدا تھا اور اس کا نام اولمپیا ہے۔ کہا جاتا ہے کہ فٹ بال کلب چیلسی کے مالک رومن ابرامووچ نے پیوٹن کے صدر بننے کے بعد انہیں یہ جہاز تحفے میں دیا تھا۔ سیاسی مخالفین کی جانب سے لکھی گئی ایک دستاویز میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ پیوٹن کے پاس 58 طیارے اور ہیلی کاپٹرز، پانچ لاکھ ڈالرز مالیت کی گھڑیاں اور 20 محل ہیں۔ ان کے پاس نجی طیارے بھی ہیں جن کے باتھ روم میں 62 ہزار ڈالرز کا سامان استعمال کیا گیا ہے۔
تازہ ترین