• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران نااہلی ریفرنس ،ڈپٹی اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کیلئے ایک روز کی مہلت

اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن میں زیر التواءعمران خان کی نااہلی سے متعلق ریفرنس کے زائد المیعاد ہونے سے متعلق کیس کی سماعت کے لئے لارجر بنچ تشکیل دینے کی متفرق درخواست پر ڈپٹی اٹارنی جنرل کو عدالتی معاونت کے لئے ایک روز کی مہلت دیدی ہے۔ لارجر بنچ تشکیل دینے سے متعلق چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے دائر متفرق درخواست کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ کے چیف جسٹس محمد انور خان کاسی نے کی۔ عمران خان کی جانب سے بابر اعوان ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اپنایا کہ آئینی مسئلہ درپیش ہو تو لارجر بنچ تشکیل دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر ڈپٹی اٹارنی جنرل فضل الرحمن نیازی نے کہا کہ میرے خیال میں لارجر بنچ کی ضرورت نہیں ہے ، ایک دن کا وقت دیں عدالت کی معاونت کرنے کو تیار ہیں۔ بابر اعوان ایڈووکیٹ نے کہا کہ یہ انتہائی اہم نوعیت کا معاملہ ہے ، عمران خان کی نااہلی کے لئے دائر ریفرنس زائد المیعاد ہونے کی وجہ سے الیکشن کمیشن اس کی سماعت نہیں کر سکتا ، آئین کے مطابق الیکشن کمیشن نے 90 دن کے اندر کسی بھی ریفرنس کا فیصلہ کرنا ہوتا ہے ، 5 ستمبر کو اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کے خلاف ریفرنس الیکشن کمیشن بھجوایا ، 4 دسمبر تک 90 دن مکمل ہونے کے بعد اب جب تک آئین میں ترمیم نہیں کی جاتی اس وقت تک الیکشن کمیشن اس ریفرنس کی سماعت نہیں کر سکتا۔ بعد ازاں فاضل چیف جسٹس نے ڈپٹی اٹارنی جنرل کی استدعا منظور کرتے ہوئے سماعت آج تک ملتوی کر دی۔ 
تازہ ترین