پشاور(جنرل رپورٹر) صوبائی حکومت نے خیبرپختونخوا کے اساتذہ کو رواں سال کو31مارچ سے قبل ٹائم سکیل دینے کی یقین دہانی کرادی، اس سلسلے میں محکمہ تعلیم کے افسران سپیشل سیکرٹری قیصرعالم، ڈاریکٹر ایجوکیشن رفیق خٹک اور دیگر افسران کے ساتھ اساتذہ کے22ایسوسی ایشنز کی مشترکہ تنظیم آل ٹیچرز کوآرڈی نیشن کونسل کا اجلاس ہوا جس میں کونسل کے نمائندوں اسلام الدین، مزمل خان، وہاب خان منصوری، اپٹا صدر ملک خالد،آل خیبرپختونخوا سبجیکٹ سپیشلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر سالاراسلام ،جنرل سیکرٹری حضرت محمد شاہ جہان دائودزئی،بختیار خان، روئیدارخان، ایس ایس ٹی ایسوسی ایشن صدر ڈاکٹرجمشید، جنرل سیکرٹری سعید ظہیرعلی شاہ اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ڈی پی ای ایس کیلئے سروس سٹرکچر، ایجوکیشن فائونڈیشن فنڈ کے آڈٹ، ٹیچرز سن کوٹہ بحال کرنے، سبجیکٹ سپیشلسٹ کی ہائی اور ہائیرسکینڈری سکولوں میں اوقات کارسمیت دیگر مسائل زیرغور آئے اور ان پر تفصیلی بحث کیا گیا ۔ اجلاس میں محکمہ تعلیم افسران نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ 31مارچ 2017تک ان کیلئے ٹائم سکیل تیارکرلیا جائے گا جبکہ اساتذہ کے دیگر مسائل بھی ترجیحی بنیادو ں پر حل کرانے کی یقین دہانی کرائی گئی۔