• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت جاپان کی جانب سے مٹیاری کے اسکولوں کیلئے امداد کا اعلان

کراچی (اسٹاف رپورٹر) حکومت جاپان کی جانب سے مقامی غیرسرکاری تنظیم ’’پراڈو‘‘ کو ضلع مٹیاری میں پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کی تعمیر کے لئے 78,093 امریکی ڈالر (تقریباً 80لاکھ روپے) کی امداد کا اعلان کیا گیا۔ یہ امداد حکومت پاکستان کی معاوناتی اسکیم برائے انسانی تحفظ کے تحت دی گئی ہے۔ اس منصوبے کی تقریب دستخط کراچی میں قونصل جنرل جاپان توشیکازواسومورا کی رہائشگاہ میں منعقد کی گئی جس میں قونصل جنرل جاپان اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر پراڈو عبدالرزاق موجود تھے۔ حکومت جاپان کی جانب سے مٹیاری کے بنیادی تعلیم سے محروم بچوں کو نہایت سستی اور معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لئے دی جانے والی اس امداد سے ضلع میں تعلیم کی سہولتیں بہتر بنانے میں مدد ملے گی اور پرائمری اور سیکنڈری اسکولوں کی عمارت کی تعمیر سے بنیادی تعلیمی ڈھانچہ بھی بہتر ہو سکے گا۔ قونصل جنرل جاپان توشیکازواسومورا نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر سطح پر معیاری تعلیم کی فراہمی ایک عالمی ایجنڈا بن چکا ہے، بنیادی تعلیم ناصرف اعلیٰ تعلیم کی تیاری میں مددگار ثابت ہوتی ہے بلکہ افراد کی صلاحیتوں کو نکھارنے کا باعث بھی بنتی ہے۔ پراڈو کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر عبدالرزاق نے اپنی تقریر میں قونصل خانہ جاپان کی جانب سے سندھ کے سماجی سیکٹر کی بہتری کے لئے کئے جانے والے اقدامات کو سراہا۔ امید ہے کہ قونصل خانہ جاپان کی جانب سے دی گئی اس امداد سے ضرورت مند بچوں کے لئے تعلیمی سہولتوں تک رسائی اور بہتر مستقبل ممکن ہو سکے گا۔ جاپانی عوام کی جانب سے فراہم کردہ یہ امداد دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں بھی معاون ثابت ہو گی۔ GGP اسکیم کے تحت حکومت جاپان کی جانب سے1989ء سے اب تک لگ بھگ350 منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں اور قونصل خانہ جاپان کراچی کا2009ء سے یہ 18واں منصوبہ ہے۔
تازہ ترین