• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے جذبات کو ٹھیس پہنچی،عمران خان کے بیان پر ڈیرن سیمی ناراض

کراچی(عبدالماجد بھٹی/اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ کی فاتح پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے سابق پاکستانی کپتان اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے ٹورنامنٹ میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دینے پر ناراضی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہمارے جذبے کی قدر کرنے کے بجائے ہمارے لئے تضحیک آمیز الفاظ استعمال کئے گئےجو درست نہیں ہیں، ہمیں پھٹیچر قرار دے کر ہمارے جذبات سے کھیلا گیا ہے۔ دوسری جانب پشاور میں خیبر پختونخوا کے وزیر اعلی پرویز خٹک کی جانب سے چیمپئن ٹیم زلمی کے اعزاز میں دیا جانے والا استقبالیہ بھی ملتوی کردیا گیا ہے۔ تحریک انصاف کے رہنماوں نے زلمی کے کھلاڑیوں اور انتظامیہ کو یقین دلایا ہے کہ پارٹی چیئرمین اپنے رویے پر غیرمشروط معذرت کریں گے۔ تاہم بدھ تک معذرت نہیں کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈیرن سیمی اور مارلن سیموئیلز نے پشاور زلمی کی انتظامیہ سے رابطہ کرکے ان سے عمران خان کے بیان پر غصے کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ ہماری دل آزاری ہوئی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پشاور کی تقریب میں فاتح ٹیم کے لئے دو کروڑ روپے کا انعام دینے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ذرائع نے دعوی کیا کہ تقریب جلد ہوگی جس کی انحصار عمران خان کی معذرت سے مشروط ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعلی کی تقریب کے لئے نئی تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
تازہ ترین