• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
س۔میں نے سوشل ورک میں بی ایس کیا ہے اور میرا سی جی پی اے2.43 ہے، میری رہنمائی کریں کہ مجھے ملازمت کرنی چاہئے یا ایم فل کروں؟ اگر مجھے اپنی تعلیم جاری رکھنی ہے تو میں کس یونیورسٹی سے کروں؟ (فاطمہ درانی۔اسلام آباد)
ج۔ آپ کا سی جی پی اے بہت کم ہے،میں نہیں جانتا کہ یہ کس وجہ سے ہے تاہم سوشل ورک ایک ایسا شعبہ ہے جس میں پاکستان اور بیرون ملک بہت سی این جی اوز ضرورت مند لوگوں کو خدمات فراہم کر رہی ہیں،میرا یہ مشورہ ہے کہ دو یا تین سال کسی بھی اچھی لوکل یا بین الاقوامی این جی او کے ساتھ کام کریں اور پھر اُس کے بعدایم فل کے بارے میں سوچیں،پریکٹیکل تجربے سے آپ کو کافی فائدہ ہو گا ۔
س۔میرا بیٹا ایم کام کے آخری سال میں ہے اور اس کو کرنے کے بعد سی اے کرنے کا خواہشمند ہے،برائے کرم یہ بتائیں کہ کیا اس کا یہ فیصلہ صحیح ہے یا اس کو اس کے علاوہ کچھ اور کرنا چاہئے؟ (جاوید اقبال۔کراچی)
ج۔ایم کام کرنے کے بعد میرا یہی مشورہ ہو گا کہ آپ کامرس اور فنانس کے شعبے میں متعلقہ نوکری تلاش کریں،لیکن اگر آپ نوکری حاصل کرنے سے قاصر ہوں تو کوئی ایسی انٹرنشپ کریں جو آپ کو سی اے کی طرف لے جائے،لیکن آپ کی پہلی ترجیح ایم کام کے فورا بعد نوکری کرنا ہونی چاہئے ۔
س۔میں سرسید یونیورسٹی سے بی ایس بائیومیڈیکل انجینئرنگ کر رہا ہوں،برائے کرم مجھے بہ بتائیں میں سی ایس ایس کے لئے انگلش یا انٹرنیشنل ریلیشنز یا اس کے علاوہ کن مضامین کا انتخاب کروں اور کیا ماسٹرز بھی انہیں میں سے کسی ایک مضمون میں کروں یا مجھے انجینئرنگ کے شعبے کو ہی جاری رکھنا ہو گا؟ (انیس خان۔اسلام آباد)
ج۔بائیومیڈیکل انجینئرنگ ایک اُبھرتا ہو ا مضمون ہے لیکن مستقبل میں یہ آپ پرمنحصر کرتا ہے کہ آپ کس ا سپیشلائزیشن کا انتخاب کرتے ہیں،مجھے یقین ہے کہ آپ بائیومیڈیکل انجینئرنگ کی ٹیکنیکل اور مینجمنٹ دونوںمیں کیریئر کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں،جہاں تک سی ایس ایس کا تعلق ہے تویہ مسابقتی امتحان ہے اور اس میں آئی کیو،انگلش لینگویج،انٹرنیشنل ریلیشنز،کرنٹ افیئرز،پولیٹکس،بنیادی سائنس اور سب سے بڑھ کے ان سب پر آپ کو بہت عبور حاصل ہونا چاہئے۔
س۔میں نے پاکستان اسٹڈیز میں ماسٹرز کیا ہے اور آگے میرا ارادہ ایم فل کرنے کا ہے مجھے بتائیں کہ میں کس مضمون کا انتخاب کروں یا میں پاکستان اسٹڈیز میں ہی ایم فل کروں؟ (جعفر رضا۔کراچی)
ج۔جبکہ آپ پاکستان اسٹڈیز میں ماسٹرز کر چکے ہیں تو آپ کو اپنی ایم فل ریسرچ بھی اسی ایریا میں جاری رکھنی چاہئے،آپ کوشش کریں کہ ایم فل میں اچھے نتائج حاصل کریں اس سے آپ کو ٹیچنگ کے شعبے میں کیریئر کے مواقع حاصل ہوں گے اور کچھ سال کے تجربے کے بعد آپ اسی شعبے میں پی ایچ ڈی بھی کر سکتے ہیں۔
س۔سر میں نے ایم اے اکنامکس کیا ہے اب میں ایم بی اے کرنا چاہتا ہوں ،آپ مجھے بتائیں کہ مجھے سپلائی چین،رسک مینجمنٹ اور فنانس میں سے کس کاانتخاب کرنا چاہئے؟ (خلیل جبران۔ملتان)
ج۔ایم اے اکنامکس کرنے کے بعد آپ فنانس یا رسک مینجمنٹ میں سے کسی ایک کا انتخاب کر سکتے ہیں کیونکہ یہ آپ کی گزشتہ ڈگری سے بالکل متعلق ہے اور اگر ایم اے اکنامکس کے بعد آپ کا فیلڈ کا تجربہ ہے تو یہ اسپیشلائزیشن آپ کو بہت فائدہ دے گی۔

.
تازہ ترین