• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
وزیراعظم محمد نواز شریف کا گوادر میں گزشتہ روز جلسہ عام سے خطاب میں یہ کہنا کہ پاکستان ایشیا اور بلوچستان پاکستان کا ٹائیگر بنے گا، اس لحاظ سے ایک خواب کے حقیقت میںبدلنے کی پیش گوئی ہے کہ گوادر پاکستان کے لئے باالخصوص اور بلوچستان کے لئے باالعموم ترقی کا زینہ بن کر ابھر رہا ہے۔ وزیراعظم نے اعلان کیا کہ گوادر میں بہترین یونیورسٹی اور 300بستروں کا جدید اسپتال قائم کیا جائے گا۔ لوگوںکو ہیلتھ کارڈ دیئے جائیں گے شہر کی گلیوںاور سڑکوں کی تعمیر کے لئے 100کروڑ روپے مختص کئے جائیں گے۔ بلوچستان بھر میں سڑکوں کی تعمیرکے لئے حکومت اربوںروپے خرچ کرر ہی ہے اور بجلی کے منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ وزیراعظم نے اس موقع پر بلوچستان کے لئے 19ارب روپے کی خصوصی گرانٹ دینے کا بھی اعلان کیا ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بلوچستان میںگیارہ سو کلو میٹر طویل سڑکیں بن رہی ہیں اور سی پیک منصوبے کے تحت بہت جلد کوئٹہ سے حسن ابدال اور مانسہرہ تک بہترین سڑک بنے گی۔ زیرتعمیر سڑکوں کے ذریعے گوادر کو پورے ملک اور چین کی سرحد سے ملایا جا رہا ہے جس سے ترقی کی نئی راہیں کھلنے جا رہی ہیں، جس سے صوبے میں بے روزگاری ختم ہو جائے گی۔ گوادر ایشیا کا گیٹ وے ، پاکستان کا مستقبل اور بلوچستان کی اقتصادی قوت کا مرکز ہے۔ بلوچستان کی ترقی وخوشحالی کا دارومدار گوادر پورٹ کی فعالیت پر ہے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی ،بلوچستان کی ترقی سے جڑی ہوئی ہے۔ قدرتی وسائل سے مالا مال پاکستان کے اس سب سے بڑے صوبے کے لوگ آج بھی تعلیم، صحت، خوراک اور پینے کے پانی اور دوسری سہولتوں سے محروم ہیں۔ صوبے کے وسائل سے فائدہ اٹھانے سب سے پہلے بلوچستان کو مکمل طور پر پرامن بنانا ہوگا تاکہ ترقیاتی کاموں کے لئے ماحول سازگار ہو سکے اس حقیقت کو مدنظر رکھا جائے کہ بلوچستان ہم سے ہے اور ہم بلوچستان سے۔

.
تازہ ترین