• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرین اور ٹرام کے بلاٹکٹ مسافروں پر آن لائن جرمانے کئے جائیں گے

لندن ( نیوز ڈیسک)ٹرین اور ٹرام میں ٹکٹ کے بغیر سفر کرنے والے مسافروں پر اب آن لائن مقدمات چلاکر جرمانے کیئے جائیں گے کرمنل جسٹس سسٹم میں اصلاحات کے تحت نچلی سطح کے مقدمات میں اپنے جرم کا اعتراف کرکے جرمانے کی ادائیگی پر رضامند ہوجانےوالے ملزمان کو عدالت میں پیشی سے استثنیٰ مل جائے گا اور وہ عدالت میں پیش ہوئے بغیر ہی اپنے خلاف مقدمات کا تصفیہ کراکے جرمانہ ادا کرنے کے وعدے پر گلوخلاصی کراسکیں گے، ایک اندازے کے مطابق کم وبیش ایسے 8ہزار افراد پر آن لائن مقدمے کی کارروائی ہوسکے گی جس میں7ہزار بلاٹکٹ مسافر اور1300بلا لائسنس مچھلی کاشکار کرنے والے شامل ہوں گے۔اس نظام کے تحت ابتدائی طورپر ان ہی دو کٹیگری کے ملزمان کے خلاف کارروائی کی جائے گی جبکہ اس نظام کی کامیابی کی صورت میں مستقبل میں اسے دیگر اسی طرح کے چھوٹے جرائم مثلا ً ٹی وی لائسنس کی فیس کی عدم ادائیگی وغیرہ کے مقدمات کا فیصلہ بھی آن لائن ہی کرنے کاسلسلہ شروع کردیاجائے گا۔آن لائن سزائیں سنانے کا یہ طریقہ کار حکومت کے جیل خانہ جات ور عدالتوں سے متعلق بل میں بھی شامل ہے جس پر رواں ہفتے ارکان پارلیمنٹ بحث کریں گے۔ اس کامقصد چھوٹے مقدمات کی سماعت کرنے والی مجسٹریٹ کی عدالتوں پر سے مقدمات کا بوجھ کم کرنا ہے جنھیں فی الوقت سالانہ ایسے کم وبیش 8لاکھ90ہزار مقدمات کی سماعت کرنا پڑتی ہےجن میں قید کی سزا نہیں ہوتی اور جس سے متاثر ہونے والا کوئی فرد بھی سامنے نہیں ہوتا۔
تازہ ترین