• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کی معیشت میں اوورسیز کمیونٹی کا کردار کلیدی ہے، سردار یوسف

برمنگھم(نمائندہ جنگ)پاکستان کے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی خصوصی ہدایت کی روشنی میں مقدس فریضہ کی ادائیگی کے لئے بے شمار اقدامات کئے گئے اس سال ہزاروں پاکستانی مثالی اقدامات کے باعث معیاری سروس کے ساتھ حج ادا کریں گے۔ مختلف کمپنیوں سے معاہدات کئے گئے ہیں۔اعلیٰ سروس کے باوجود پیکجز میں اضافہ نہیں کیا گیا یہی وجہ ہے پاکستانی اب سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کرنا چاہتے ہیں۔ غفلت، لاپرواہی اور کرپشن کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے۔ برطانیہ سمیت مختلف ممالک کے اوورسیز پاکستان کے ذریعے عمرہ و حج کی ادائیگی کو ترجیح دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے برمنگھم کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت حاجی محمد خان کی رہائش گاہ پر اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے صاحبزادے شاہجہان یوسف بھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تارکین وطن پاکستان کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں اوورسیز کمیونٹی کی فلاح و بہبود اوران کو درپیش مختلف مسائل کا حل شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ میں نے مختلف فورمز اور حکومتی سطح پر برطانوی اوورسیز کمیونٹی کے مسائل کو اجاگر کرکے مختلف اہم مسائل حل کرائے ہیں اب برطانیہ بھر میں شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کے اجراء کے مسائل کافی حد تک کم ہوگئے ہیں۔ پاکستان ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہونے جا رہا ہے اس میں اوورسیز کمیونٹی کا کردار قابل ستائش ہے۔ برطانیہ جیسے عالمی سیاسی گڑھ میں اوورسیز نے پاکستان کے وقار، تشخص اور ملکی مفاد کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خاتمے اور عالمی امن کے قیام کے لئے لازوال جدوجہد اور کوششیں کی ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی مثبت اور بروقت اقدامات سے ملک میں بڑے بڑے پروجیکٹس اور منصوبوں سے عام آدمی کا معیار زندگی بلند ہونے کے ساتھ ساتھ اس کے گہرے اثرات بیرون پاکستان مقیم کمیونٹی پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر پھیلے اوورسیز پاکستان کے سفیر ہیں جنہوں نے نامساعد حالات کے باوجود بھی پاکستان کے وقار کو بلند کیا ہے۔وہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرکے محب الوطن ہونے کا ثبوت دے رہے ہیں۔ اس موقع پر شرکاء کے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے سردار محمد یوسف نے کہا کہ مذہبی امور کے شعبے میں مختلف اقدامات اور ہر ممکن اصلاح کی جارہی ہے۔ پاکستان میں بین المذاہب و بین المسالک ہم آہنگی اور اتحاد وقت کا اہم تقاضہ ہے۔ مختلف مذاہب اور مسالک کے احترام میں ان کے درمیان نفرت و انتشار کی تقسیم روک تھام کےلئے اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان میں بسنے والے تمام اقلیتی طبقے کی مذہبی آزادی کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ سے پاکستان کے وقار کو عالمی سطح پر تقویت مل سکتی ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اوورسیز کمیونٹی پاکستان میں ہونے والی ترقی اور ڈویلپمنٹ سے مغربی دنیا کو متعارف کرائے اور پاکستان کے حولے سے منفی اور دہشت گردانہ خیالات کو زائل کرنے کے لئے مثبت پہلو کو اجاگر کیا جائے۔ تقریب میں کثیر تعداد کے علاوہ اخلاق احمد، اشتیاق احمد، حاجی محمد نجیب، سلیمان اکرم، محمد شریف، ابرار حسین نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر حاجی محمد خان نے سردار محمد یوسف کی مختلف خدمات، اقدامات اور قیام امن کے لئے کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی مذہبی اور مہذب شخصیات نے ہر دور اور حکومت کے اندر رفاہی و فلاحی کاموں اور مختلف اصلاحات کے ذریعے غریب اور متوسط طبقہ کو ریلیف دیا ہے۔ ان کی کاوشوں کو آج پوری دنیا میں مقیم پاکستانی سراہتے ہیں۔
تازہ ترین