• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نسلی تعصب کے خلاف لندن میں30ہزار افراد کا احتجاج

لندن (جنگ نیوز) اسلامو فوبیا اور نسلی تعصب کے خلاف ہفتہ کے روز وسطیٰ لندن میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ یونائیٹڈ نیشن انٹر نیشنل اینٹی ریس ازم ڈے کے موقع پر نکالی جانے والی ریلی میں30ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ ریلی کا اہتمام مختلف ٹریڈ یونینز نے دیگر تنظیموں کے ساتھ مل کر کیا ۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر تعصب کے خلاف نعرے درج تھے۔ پورٹ لینڈ پر بی بی سی کے آفس کے سامنے سے شروع ہونے والی احتجاجی ریلی پارلیمنٹ سکوائر پر اختتام پذیر ہوئی۔ مظاہرین تمام راستے ڈونلڈ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسیوں کے خلاف بھی نعرے لگاتے رہے۔ چند شرکا نے ’’جنگ‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ کی ترقی میں باہر سے آئے ہوئے افراد کا کردار نمایاں ہے اور این ایچ ایس تو ان کے بل بوتے پر ہی چل رہا ہے۔ پارلیمنٹ سکوائر پر نسلی تعصب کے خلاف کام کرنے والی تنظیموں کے رہنمائوں کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر گوانتاناموبے کے سابق قیدی نے کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو گوانتاناموبے بھیجنا چاہیے کیونکہ وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ مزید افراد کو اس متنازع جیل میں بھیجا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی انتخابی مہم کے بعد دائیں بازو کی سیاست کرنے والے سرگرم ہوگئے ہیں۔ دیگر مقررین نے کہا کہ مہاجرین کو خوش آمدید کہا جانا چاہیے اور اگر ڈونلڈ ٹرمپ نے برطانیہ کا دورہ کیا تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔
تازہ ترین