• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوورسیز کے مسائل میں دلچسپی پر مریم نواز کو خراج تحسین

لندن (جنگ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کے شعبہ خواتین کی رہنمائوں نے پارٹی کی مرکزی رہنما مریم نواز کو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل میں دلچسپی لینے پر خراج تحسین پیش کیا ہے۔ شعبہ خواتین کے اجلاس میں فوزین گل، مسز نوادر خان اور دیگر رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے مسلم لیگ ن برطانیہ کے صدر زبیر گل کو کمشنر فار اوورسیز اور کوآرڈینیٹر ٹو وزیراعظم پاکستان بنانے میں بھی مریم نواز کا کردار کلیدی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے ضروری تھا کہ ایک محکمہ قائم کیا جائے تاکہ ہر شخص کو پتہ چلے کہ مشکل وقت میں کہاں رابطہ کرنا ہے اور زبیر گل اس عہدے کے لیے انتہائی موزوں شخص تھے کیونکہ وہ ایک عرصہ سے کمیونٹی کی خدمت میں مصروف ہیں اور ان کے مسائل سے مکمل طور پر آگاہ بھی ہیں۔ خواتین رہنمائوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان نوازشریف کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وطن سے دور رہنے والے ہم وطنوں کا خیال رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ کی حکومت نے ملک کی ترقی کے لیے جو منصوبے شروع کیے تھے ان کے نتائج سامنے آنا شروع ہوگئے ہیں۔ ملک میں ترقی کا دور شروع ہوچکا ہے اور اندھیرے چھٹ رہے ہیں جس کے سبب اپوزیشن جماعتوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں لیکن ترقی کا یہ سفر رکے گا نہیں اور آئندہ الیکشن میں بھی مسلم لیگ ن اپنی کارکردگی کی بنا پر جیتے گی۔ شریک خواتین نے اس عزم کا اظہار بھی کیا کہ وہ مریم نواز کی قیادت میں پاکستان کی ترقی کے سفر کے لیے کوشاں رہیں گی۔ اجلاس میں نورین اسلم، حنا اقبال، شاہدہ بٹ، عافیہ علی، فوزین احمد، سمعیہ فیروز، فوزیہ وحید، حمیرا مسرور،ایس لودھی، حنا ملک، نورین خان اور شازیہ حنا شریک تھیں۔
تازہ ترین