• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت:پاکستان آنیوالےفنکاروں کیخلاف کارروائی کا امکان

کراچی (رپورٹ:جاوید رشید) بھارتی فلم انڈسٹری کے پاکستان جانے والے افراد کے خلاف قانون کو حرکت میں لانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ جنگ کو اپنے رابطے سے معلوم ہوا ہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے ہدایت کار مہیش بھٹ، ان کی بیٹی، اداکار مراد، اداکار نصیرالدین شاہ سمیت16ایسے افراد جو بولی وڈ کے مختلف شعبوں سے وابستہ ہیں اور پاکستان جاتے رہتے ہیں ان کے خلاف بھارتی انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) ممبئی نے شکنجہ کسنے کی تیاری کر لی ہے۔ ادھر معلوم ہوا ہے کہ پاکستان کے مشاعروں، دیگر کانفرنسوں میں جانے والوں کے خلاف ملک بھر کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ ادھر یہ بھی اطلاع ہے کہ بھارتی انٹیلی جنس اداروں نے بھارتی فلم انڈسٹری کے ان فلم سازوں اور ہدایت کاروں کے خلاف بھی کارروائی کرنے کی تیاری کر لی ہے جو پاکستان میں اپنی فلموں کا بزنس کر رہے ہیں۔ بھارتی وزارت داخلہ نے انٹیلی جنس اداروں کو پابند کیا ہے کہ وہ پاکستان سے رابطے رکھنے والوں کو تلاش کریں۔ دوسری جانب جنگ کو بھارتی فلم انڈسٹری کے پی آر او راکیش نے بتایا ہے کہ ابھی ایسی کوئی کارروائی سامنے نہیں آئی ہے البتہ پاکستان جانے والے فنکاروں میں ممبئی انٹیلی جنس اور سی بی آئی کا خوف نظر آتا ہے۔ بولی وڈ نے اس حوالے سے فنکاروں کو محتاط رہنے اور پاکستان جانے سے قبل اداروں سے کلیئرنس ضرور حاصل کرنے کا کہا ہے۔ بولی وڈ کے نامور صداکار جے شنکر اچاریہ نے جنگ سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے فیصلوں سے اچھا اثر نہیں پڑتا، سب کو اپنا دل کھلا رکھنے کی ضرورت ہے۔
تازہ ترین