• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حب میں 1320میگاواٹ پاور پلانٹ کاسنگِ بنیاد آج رکھا جائیگا

کراچی (اسٹاف رپورٹر)حب میں کوئلے سے چلنے والے 1320میگاواٹ پاور پلانٹ کاسنگِ بنیاد آج رکھا جائے گا۔اس منصوبے کو چائنا پاور حب جنریشن کمپنی تعمیر کررہی ہے جس کو چائنا پاور انٹرنیشنل ہولڈنگ اور حب پاور کمپنی کے اشتراک سے قائم کیا گیا ہے۔ پاکستان میں بجلی کے شعبے کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی کی مہنگی پیداوار ہے۔ کوئلے سے سستی بجلی کی پیداوار سے پاور سیکٹر کے خسارے کو کم کرنے اور گردشی قرضوں کو نیچے لانے میں مدد ملے گی ۔نیشنل ٹیرف ڈسپیچ کمپنی سے ہونے والے 30 سالہ معاہدے کے تحت اس منصوبے سے سالانہ 9.8ارب کلو واٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔اس منصوبے کی تکمیل سے ملک میں بجلی کی پیداوار کیلئے درآمد کئے جانے والے سالانہ 1.3ملین ٹن تیل کی بچت ہوگی جس پر ملک کے تقریباً 400ملین ڈالر خرچ کئے جاتے ہیں۔ واضح رہے کہ2x660 میگا واٹ کا یہ منصوبہ چائنا پاور حب جنریشن کمپنی کی جانب سے حب پاور کمپنی کے موجودہ پاور پلانٹ میں لگایا جا رہا ہے اوریہ منصوبہ ملک میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے والے منصوبوں میں سب سے بڑا منصوبہ ہے جو چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت قائم کیا جا رہا ہے جس پر دو ارب ڈالر لاگت آئے گی۔ منصوبے کیلئے سرمایہ کاری چین کا لیڈنگ بینکنگ کنسورشم چائنا ڈیولپمنٹ بینک فراہم کررہا ہے۔ منصوبے کی تعمیر میں جدید ترین سپر کریٹیکل ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف سستی بجلی پیدا ہوگی بلکہ ماحولیاتی اثرات کو بھی کم سے کم رکھنے میں مدد ملے گی اور یہ منصوبہ ملک میں توانائی کے تحفظ کو یقینی بنائے گا۔ منصوبے کی تکمیل پر بجلی کی پیداوار کیلئے سالانہ 3.8ملین ٹن کوئلہ استعمال ہوگا جبکہ کوئلہ کی سمند کے ذریعے براہ ِ راست درآمدکیلئے پاور پلانٹ کے ساتھ خصوصی جیٹی بھی تعمیر کی جائے گی۔
تازہ ترین