• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برآمدات کے فروغ کیلئے صنعتوں کےمسائل کا حل ضروری ہے،مجید عزیز

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستانکے صدر مجید عزیز نے کہا ہے کہ صنعتی قوانین سے متعلقہ مسائل حل کرنے کے لیے تمام صنعتی علاقوں اور مختلف صنعتوں کی نمائندگی کرنے والی ایسوسی ایشنز کو متحد ہوکر کام کرنا پڑے گا۔ کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) کے دورے کے موقع پر ان کا کہنا تھا اب ہمیں نئے انداز سے مسائل کو سمجھنے اور حل کرنے کی ضرورت ہے۔ ہماری معیشت کا انحصار تیزی سے درآمدات پر ہورہا ہے، برآمدات کے فروغ کے لیے صنعتوں کو درپیش مسائل کے حل  اور قانونی پیچیدگیوں کو دور کرنے کی ضرورت ہے، گلوبل مارکیٹ میں مقابلہ مشکل ترین ہوتا جارہا ہے۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر مسعود نقی نے ای ایف پی کے صدر مجید عزیز، نائب صدر زکی احمد ، رکن بورڈ آف ڈائریکٹرز نعمان اﷲ خان ، خواجہ نعمان، جنرل سیکریٹری ای ایف پی فصیح صدیقی ، احسان اللہ خان اور دیگر کا کاٹی آمد پر خیر مقدم کیا اور وفد کو کورنگی صنعتی علاقے سے متعلق تفصیلات فراہم کیں۔ مسعود نقی نے کہا کہ نئی قانون سازی کے باعث صنعتکار شدید دباؤ کا شکار ہیں، سوشل سیکیورٹی کے قوانین میں ہونے والی ترامیم سے پیدا ہونے والے حالیہ مسائل سمیت صنعتوں کے دیرنہ مسائل حل نہیں ہورہے جس کی وجہ سے مشکلات  میں اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صنعتیں روزگار فراہم کرتی ہیں لیکن حکومت کی جانب سے انہی کے مسائل حل کرنے کے بجائے ان میں اضافہ کیا جاتا ہے۔ صدر ای ایف پی مجید عزیز نے کہا کہ تمام صنعتی علاقوں کی ایسوسی ایشنز اور تاجروصنعت کاروں کے نمائندوں کو یکجا کرکے مسائل حکومت کے سامنے لانے کے لائحہ عمل پر کام ہورہا ہے اور اس سلسلے میں جلد پیش رفت کی توقع ہے۔ اس موقع پر کاٹی کے سابق صدر زاہد سعید، زبیر چھایا، گلزار فیروز، شیخ فضل جلیل، لسبیلہ چیمبر کے صدر اسماعیل ستار، میاں سہیل سرور اور دیگر نے بھی مسائل اور تجاویز سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ کاٹی اور ای ایف پی کے اجلاس میں مستقبل کے حوالے سے مشترکہ لائحہ عمل وضع کرنے پر اتفاق کیا گیا علاوہ ازیں صنعتوں کے لیے مسائل پیدا کرنے والے قوانین، حکومتی اداروں کے طرز عمل سمیت اہم مسائل حل کرنے کے لیے آئندہ کی حکمت عملی ترتیب دینے پر بھی اتفاق کیا گیا، جبکہ اس موقع پر ایمپلائرز فیڈریشن آف پاکستان اور کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے مابین مفاہمتی یادداشت پربھی دستخط کئے گے۔  
تازہ ترین