• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کیخلاف مہم 31 مارچ تک جاری رہے گی ،مکیش کمار چاؤلہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر برآئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن و انسداد منشیات مکیش کمار چاولہ نے کہا ہے کہ ٹیکس نادہندگان گاڑیوں کے مالکان سے ٹیکس وصولی کے لئے پیر سے شروع کی جانے والی مہم 31 مارچ تک پورے صوبے میں جاری رہے گی۔اس مقصد کے حصول کے لئے صرف کراچی میں 11 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو کراچی میں 38 مقامات پر چیکنگ کے فرائض انجام دیں گی۔ انہوں نے چیکنگ پر مامور عملے کو ہدایت کی کہ وہ چیکنگ کے دوران باقاعدہ یونیفارم پہنیں اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے گاڑیوں کے مالکان کو ان کے مفاد میں مشورہ دیا کہ وہ اپنی گاڑیوں کو سڑکوں پر لانے سے قبل ٹیکس ادا کردیں تاکہ انہیں کسی ناخوشگوار صورتحال کا سامنا نہ کرنا پڑے کیونکہ ٹیکس نادہندگان کی گاڑیوں کو ضبط کرلیا جائے گا اور ٹیکس اور جرمانے کی ادائیگی کے بعد ہی گاڑیوں کو چھوڑا جائے گا۔انہوں نے اسٹاف کو مزید ہدایت کی کہ وہ دوران چیکنگ نرمی سے پیش آئیں اور کسی صورت میں ٹریفک کی روانی میں خلل نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ چنگچی رکشہ، آٹو رکشہ؛ بغیر نمبر پلیٹ کی گاڑیوں، مشکوک نمبر پلیٹ، عارضی یا پرانی نمبر پیٹوں اور منسوخ کی جانے والی نمبر پلیٹوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔
تازہ ترین